نئی دہلی: حکومت نے جمعرات کو جیا ورما سنہا کو ریلوے بورڈ کی پہلی خاتون سی ای او اور چیئرپرسن مقرر کیا ہے۔ وہ انیل کمار لاہوٹی کی جگہ لیں گی۔ ریلوے بورڈ قومی ٹرانسپورٹر کے لیے فیصلہ کرنے والا ایک اعلیٰ ادارہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ وہی جیا ورما ہیں جنھوں نے بحیثیت ریلوے بورڈ کی ممبر (آپریشنز اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ) کے طور پر حال ہی میں اڈیشہ کے بالاسور میں ہولناک ٹرین حادثے کے بعد پیچیدہ سگنلنگ سسٹم کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔ اس حادثے میں تقریباً 300 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ایک حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) نے جیا ورما سنہا، ممبر (آپریشنز اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ) کو ریلوے بورڈ کے چیئر پرسن اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔' وہ یکم ستمبر یا اس کے بعد چارج سنبھالیں گی اور ان کی مدت ملازمت 31 اگست 2024 تک ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:
- Odisha Rail Mishap صرف ایک ٹرین حادثے کی شکار ہوئی، ریلوے بورڈ
- گیتیکا شریواستو پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کی انچارج مقرر
سنہا یکم اکتوبر کو ریٹائر بھی ہونے والی ہیں لیکن ان کی میعاد ختم ہونے کے بعد اسے مزید بڑھا دیا جائے گا۔ الہ آباد یونیورسٹی کے سابق طالب علم جیا ورما سنہا نے 1988 میں انڈین ریلوے ٹریفک سروس میں شمولیت اختیار کی اور ناردرن ریلوے، ساؤتھ ایسٹرن ریلوے اور ایسٹرن ریلوے میں کام کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے ڈھاکہ میں بھارتی ہائی کمیشن میں چار سال تک ریلوے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں اور اُس وقت کولکتہ سے ڈھاکہ تک چلنے والی میتری ایکسپریس کا افتتاح ہوا تھا۔