نئی دہلی: جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کی عاملہ کا یک روزہ اجلاس میں مفتی عبد الرازق مظاہری ناظم اعلٰی جمعیۃعلماء صوبہ دہلی نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کی ہدایت کے بموجب ملک کے حالات کے پیش نظر جمعیۃ علماء دہلی کی جانب سے دہلی میں اجلاس منتظمہ واجلاس عام منعقد کرکے ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت اور فرقہ پرستی کے خلاف ماحول کو سازگار بنانے کے لئے جدوجہد کرنا ہے۔
اجلاس کے صدر مولانا محمد مسلم قاسمی نے کہا آج ملت انتہائی تشویشناک حالت سے دوچار ہے۔ نیز ملک میں فرقہ پرستوں کی طرف سے بڑھتی ہوئی بیان بازی اور اقلیتوں خاص کر مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر حکومت کی خاموشی، یہ صرف انکے حوصلوں کو بلند کرتی ہے بلکہ انکو موقع فراہم کرتی ہے جوکہ انکی تائید مانی جاتی ہے۔ آج کے اجلاس میں جو اہم تجویز منظور کی گئی وہ یہ کہ 23/شوال.14/مئی 2023 میں صوبائی منتظمہ نیز اجلاس عام منعقد کیا جائے گا جس میں تمام مذاہب ومسالک کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا اور ملک میں پھیلی ہوئی نفرتوں کو ختم کرنے کیلئے پیار و محبت کو عام کرنے کی فضاء قائم کرنے کا پیغام دیا جائےگا۔
اگرچہ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ سے ہی قومی یکجہتی اور پیار و محبت کے ساتھ رہنے کو ملک کی سلامتی اور تعمیر و ترقی کیلئے ضروری سمجھتی ہے لیکن چند مٹھی بھر لوگ سیاسی مفاد کی خاطر ماحول کو پراگندہ کرکے امن و امان کو غارت کر رہے ہیں۔ جسکی وجہ سے نہ یہ کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی شبیہ بھی خراب ہورہی ہے۔ اجلاس میں مدرسہ عالیہ عربیہ فتحپوری کے اساتذہ عظام و دربان نیز وقف بورڈ کے ماتحت مساجد کے ائمہ کرام ومؤذنین حضرات کی تنخواہوں کے نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیاگیا اور دہلی کے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جلد سے جلد اس مسئلہ کا حل نکالاجائے۔
یہ بھی پڑھیں: Jamiat Ulema E Hind کانپور میں جمیعت علما ہند کی جانب سے ورکشاپ منعقد
اجلاس کے اہم شرکاء میں مولانا محمد فرقان قاسمی خازن، مولانا عبدالحنان قاسمی نائب صدر، مولانا محمد عمر قاسمی نائب صدر، قاری دلشاد قمر مظاہری نائب صدر، مفتی نظام الدین قاسمی نائب صدر، مفتی اسرارالحق مظاہری ناظم، مولاناعرفان قاسمی ناظم، قاری اسرار الحق قاسمی فتح پوری، چودھری محمد اسلام لکشمی نگر، مولانا انتظار حسین قصاب پورہ، مفتی محمد شمیم قاسمی قصاب پورہ، مولانا جمیل اختر قاسمی مصطفیٰ آباد، مولانا محمد راشد قاسمی اوکھلا، مولانا ممتاز احمد قاسمی مادھوری، مفتی مستقیم احمد اوکھلا، مولانا جمیل احمد قاسمی دوارکا، مولانا یحییٰ ارسلانی ساغر پور، مفتی کفیل الرحمٰن قاسمی شاہدرہ، مولانا عبدالرزاق خانپور، مولانا محمد عاقل قاسمی مصطفیٰ آباد، حافظ محمد یاسین نریلہ، مولانا عبدالستار غازی پور منڈی قابل ذکر ہیں۔
یو این آئی