لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے جموں و کشمیر میں سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے سری نگر اور جموں کے لئے باقاعدہ تجارتی بین الاقوامی پروازوں کی درخواست کی۔
نیتی آیوگ کے 6 ویں گورننگ کونسل کے اجلاس کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے اجلاس کو خطےکے پچھلے 17 ماہ کے دوران انجام دینے والے کاموں کی جانکاری دی۔
انہوں نے کہا '5 اگست 2019 کے بعد جموں کشمیر کو سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے مواقع ملے جو کئی دہائیوں سے موجود نہیں تھے۔ جموں و کشمیر ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔'
جموں وکشمیر میں ترقیاتی عمل کو مزید آگے بڑھانے کے لئے تجاویز پیش کرتے ہوئے سنہا نے حکومت ہند سے درخواست کی کہ وہ ملک کے اندر اور بیرون ملک تجارت بڑھانے کے لئے کسٹم کلیئرنس سہولت کے ساتھ مرکز کے زیر انتظام خطہ میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے مطالبے پر غور کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کا مقصد اگلے دو سالوں میں جموں وکشمیر سے برآمدات کو 1،400 کروڑ سے بڑھا کر 5 ہزار کروڑ روپے کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لئے فضائی کارگو کی صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ اشیاء کی آسانی سے نقل و حمل ممکن ہو سکے۔
انہوں نے واٹر ایکٹ اور ایئر ایکٹ 1981 کے تحت کلیئرنس کے ساتھ کچھ اجازتوں کو آسان بنانے اور وقت کی مدت کو 4 ماہ سے 30 دن تک کم کرنے کی درخواست کی تاکہ صنعتی یونٹس کے قیام کے لئے کلیئرنس آسانی اور مختصر وقت میں حاصل کی جاسکیں۔