پورے ملک میں لاکھوں کی تعداد میں خواتین بطورِ نرس اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ کووڈ 19 کے دوران نرسس اپنے فرائض بطور فرنٹ لائن کارکن انجام دے رہے ہیں۔
ان نرسس میں ضلع پلوامہ کے پایئر گاؤں سے تعلق رکھنے والی تبسم آرا بھی ہیں جو ضلع ہسپتال پلوامہ میں اس وقت بطورِ فرنٹ لائن کارکن خدمات انجام دے رہی ہیں۔
تبسم آرا اب تک 5000 سے زائد افراد کو پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لگا چکی ہیں اور وہ کووڈ 19 کے حفاظتی ٹیکہ مرکز میں انچارج ہیں۔ کووڈ 19 ویکسین کے علاوہ وہ نومولود بچوں کو بھی ویکسین لگانے کا کام انجام دے رہی ہیں۔ اس تعلق سے بات کرتے ہوئے تبسم آرا نے کہا کہ ان کو کووڈ 19 دور میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ میں بحیثیت فرنٹ لائن کارکن اس وقت خدمات انجام دیتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہوں کہ میں لوگوں کے کام آرہی ہوں لیکن دوسری جانب ڈر بھی لگتا ہے کہ میرے گھر والوں کو میری وجہ سے مشکلات پیش نہ آئیں۔