نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے عام انتخابات میں جیت حاصل کرنے کی امید میں حکمت عملی کی منصوبہ بندی میں مصروف اپوزیشن پارٹیوں کو نفسیاتی صدمہ دیتے ہوئے آج کہا کہ وہ اگلے سال لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرکے سب کے سامنے پیشرفت کی تفصیلات پیش کریں گے۔ مودی نے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر قدیم لال قلعہ سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنے 10 سالہ دور حکومت میں کئے گئے کاموں کی پیش رفت کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ وہ اگلے سال دوبارہ آئیں گے اور اس مدت میں وہ ملک کو دنیا کی نئی طاقت کے طور پر قائم کرکے پانچ سالوں میں ہندوستان کو دنیا کی تیسری بڑی طاقت بنا دیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے سال جب وہ لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کریں گے تو ملک کی ترقی کے لیے کیے گئے اپنے کام کی مکمل تفصیل دیں گے اور اگلے پانچ برسوں میں ملک کہاں ہوگا اس کا خاکہ پیش کریں گے۔ انہوں نے بدعنوانی، خاندان پرستی اور خوشامدی کو ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں قرار دیتے ہوئے انہیں تین بڑی برائیاں قرار دیتے ہوئے ملک کو ان تینوں برائیوں سے نجات دلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی، خاندان پرستی اور خوشامدکی پالیسی ملک کی ترقی کے سب سے بڑے مسائل ہیں۔ غریبی پچھڑے، قبائلی اور پسماندہ مسلمانوں کے حقوق چھینتی ہیں اور ہمیں انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا آج ہندوستان کو جی 20 چوٹی کانفرنس کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔ پچھلے سال جس طرح سے ہندوستان کے کونے کونے میں جی 20 کے کئی پروگرام منعقد ہوئے، اس سے دنیا کو ہندوستان کے عام لوگوں کی طاقت، ہندوستان کے تنوع سے متعارف کرایا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک کے باشندوں بالخصوص نوجوانوں سے 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کے لیے صفائی، شفافیت اور انصاف پسندی کے اصولوں پر کام کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ ، بدعنوانی، اقربا پروری اور خوشامد کی برائیوں کو دور کرنے کے لیے مصروف رہیں گے۔
مودی نے کہا کہ ان کی پالیسی واضح ہے اور ان کی نیت پر کوئی سوالیہ نشان نہیں ہے۔ سچائی کو قبول کرتے ہوئے ہمیں اس کے حل کی طرف بڑھنا ہوگا۔ آج میں آپ کی مدد اور آشیرواد لینے آیا ہوں کہ آج ملک کے مسائل کو سنجیدگی سے لینا ہے۔ سال 2047 میں جب ملک کی آزادی کے 100 سال مکمل ہوں گے تو ہندوستان کا پرچم دنیا میں ترقی یافتہ ہندوستان کا ترنگا لہرائے گا۔ ہمارے عزم میں رتّی بھر بھی کمی نہیں آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
- پی ایم مودی اگلے سال ترنگا ضرور لہرائیں گے لیکن اپنے گھر پر: کانگریس
- آئندہ پانچ سالوں میں بھارت تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا: مودی
انہوں نے کہا کہ اس کے لیے صفائی، شفافیت اور انصاف اولین ضرورت ہے۔ ہم اسے جنتی زیادہ کھاد اور پانی دے سکتے ہیں، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ 75 سال کی تاریخ میں ہندوستان کی طاقت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ جو ملک سونے کی چڑیا تھا وہ ملک کی آزادی کے صد سالہ سال 2047 میں دوبارہ اسی شان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں 30 سال سے کم عمر کے لوگوں کی سب سے زیادہ تعداد ہندوستان میں ہے۔ ملک کی نوجوان طاقت، ناری شکتی اور ناری شکتی اور عام آدمی کی طاقت پر یقین ہے کہ آزادی کے 100 سال مکمل ہونے پر ملک 2047 میں ایک ترقی یافتہ ملک بن کر رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ 2047 میں ہمارا ترنگا ایک ترقی یافتہ ملک کا قومی پرچم ہوگا۔ اپنی تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تقریر میں وزیر اعظم نے اپنی حکومت کے نو سال کے کام کا حوالہ دیا اور کہا کہ آج ملک ہماری ماؤں اور بہنوں کی طاقت سے آگے بڑھ گیا ہے۔ آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے تو یہ ہمارے کسان بھائیوں اور بہنوں کی کوشش ہے، ان کی محنت کی وجہ سے ہی آج ملک زراعت کے شعبے میں ترقی کر رہا ہے۔
وزیراعظم کی تقریر کے بعد کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ '15 اگست 2023 کو لوگوں کو یہ بتانے کے بجائے کہ ان کی حکومت نے پچھلے نو سالوں میں کیا حاصل کیا ہے، وزیر اعظم مودی نے جھوٹ، مبالغہ آرائی اور مبہم وعدوں سے بھری ایک مضحکہ خیز انتخابی تقریر کی اور کہا کہ وزیر اعظم کا یہ دعویٰ کہ وہ اگلے سال دوبارہ لال قلعہ سے ملک سے خطاب کریں گے ان کے تکبر و غرور کو ظاہر کرتا ہے۔ (یو این آئی مشمولات کے ساتھ)