گورکھپور: ریاست اترپردیش کے ضلع گورکھپور کے کینٹ علاقے کے مجھولی کمپاؤنڈ میں جمعہ کی رات ایک برقعہ پوش خاتون نے کئی بار آتش گیر مواد چھڑک کر گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ آخر کار اس نے گاڑی کے ٹائر کو آگ لگا دی۔ یہ منظر دیکھ کر آس پاس کھیلنے والے بچوں نے شور مچا دیا۔ پکڑے جانے کے ڈر سے خاتون بھاگ گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس جائے واقعہ پر پہنچ گئی۔ معاملہ ایس ایس پی کے علم میں آنے کے بعد پولیس نے تیزی سے تحقیقات شروع کردی۔ ابھی تک اس خاتون کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ گاڑی کے مالک نے نامعلوم خاتون کے خلاف تھانہ کینٹ میں شکایت کی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تفتیش کر رہی ہے۔
جتے پور نارتھ لوہیا نگر کے رہنے والے اجے کمار سریواستو جمعہ کو اپنی بیوی کو دکھانے کلینک گئے تھے۔ وہاں سے واپس آنے کے بعد اجے نے اپنی کار مجھولی کمپاؤنڈ کے احاطے میں کھڑی کی۔ تھوڑی دیر بعد ایک برقعہ پوش خاتون آئی اور بوتل میں موجود آتش گیر مادے کو گاڑی پر چھڑکنے لگی۔ اس کے بعد اس نے کئی بار گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکی۔ آخر کار اس نے گاڑی کے ٹائر کو آگ لگا دی۔ گاڑی کے قریب آگ کو دیکھ کر پاس کھیلنے والے بچوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ یہ دیکھ کر برقعہ پوش خاتون موقع سے فرار ہو گئی۔ بچوں کا شور سن کر اہل علاقہ پہنچ گئے اور گاڑی میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ بچوں نے مشکوک خاتون کے بارے میں بتایا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا تو برقعہ پوش خاتون کی تمام حرکتیں منظر عام پر آگئیں۔
کار کے مالک اجے کمار سریواستو نے پولیس کو اطلاع دی ہے۔ کینٹ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ ایس ایس پی ڈاکٹر وپن ٹاڈا نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر کینٹ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ جلد ہی خاتون کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ تب ہی پتہ چلے گا کہ اس نے ایسا کیوں کیا۔