گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے امام گنج تھانہ انچارج نیر اعجاز کو ایس ایس پی نے معطل کردیا ہے۔ تھانہ حاجت میں بند ایک ملزم کی مبینہ خودکشی معاملے میں نیر اعجاز کو معطل کیا گیا ہے۔ نیر اعجاز سرکل انسپکٹر رینک کے افسر ہیں۔ ضلع کے ایس ایس پی ہرپریت کور نے امام گنج تھانہ حاجت میں شنکر داس کی خودکشی کے معاملے میں تھانہ انچارج نیر اعجاز احمد کو معطل کر دیا ہے۔
ایس ایس پی ہرپریت کور نے کہا کہ اگر کسی ملزم کو گرفتار کر کے حوالات میں رکھا جائے تو تھانہ انچارج کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اسے صحیح سلامت جیل بھیجے، تاہم یہاں اس معاملے میں تھانہ انچارج نے غفلت برتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ امام گنج تھانہ کے حاجت میں قتل کے الزام میں ایک شخص کو رکھا گیا تھا، جہاں اس نے پھانسی لگا کر خود کشی کرلی تھی، اس معاملے کی جانچ کی ذمہ داری سٹی ایس پی راکیش کمار کوسونپی گئی تھی۔ سیٹی ایس پی کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کے لیے سفارش کی گئی تھی اور اسی کی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Zonal Officer Suspended: کام میں غفلت برتنے پر زونل افسر معطل
انہوں نے کہا کہ چونکہ تھانہ انچارج نیر اعجاز احمد سرکل انسپکٹر رینک کے پولیس افسر ہیں۔ اس لیے مگدھ رینج کے آئی جی ونے کمار کے پاس کاروائی کے لیے سفارش کی گئی تھی، جسکے بعد آئی جی کے یہاں سے ان کے خلاف کارروائی کی منظوری ملنے کے بعد آج تھانہ انچارج کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ اس معاملے میں ایک ایس آئی اور تین چوکیداروں کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ تھانہ حاجت میں جس نوجوان نے خودکشی کی تھی وہ ایک لڑکی سونم کماری کے قتل کا ملزم تھا۔ سونم کماری کے قتل کے بعد بہار کی سیاست گرم ہوگئی تھی۔ سابق نائب وزیراعلی ششیل کمار مودی ، چراغ پاسوان ، پپویادو ، سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی سمیت کئی رہنماوں نے لواحقین سے ملاقات کرکے سونم کے قاتل کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس نے قتل معاملے میں سونم کے عاشق شنکرداس کو گرفتار کیا تاہم اس نے تھانہ حاجت میں خودکشی کرلی تھی