اننت ناگ: جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں انہدامی کارروائی کے دوران غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کیا گیا۔ سب ڈویژنل انتظامیہ کوکرناگ نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر بدھ کی صبح غیر قانونی طور تعمیر کی گئی متعدد عمارتوں کو منہدم کر دیا۔ انتظامیہ کے مطابق منہدم کی گئی عمارتیں کوکرناگ ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی تھیں۔ Demolition Drive At Kokernag
انتظامیہ کے مطابق پیشگی نوٹس ارسال کیے جانے اور کوکرناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تعمیرات کی اجازت نہ دیے جانے کے باوجود تعمیراتی عمارتوں کے مالکان عدم توجہی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں، جس کے بعد سب ڈویژنل انتظامیہ نے آج صبح ساگم ہانگل، گنڈ اور بندو کوکرناگ میں تقریباً نصف درجن عمارتوں کو منہدم کر دیا۔ اس موقعے پر ایس ڈی ایم کوکرناگ نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے سلسلے میں ڈی سی اننت ناگ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے پیش نظر ریونیو، کے ڈی اے، ایم سی کوکرناگ اور جموں کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم کے ذریعے این ایچ آئی ڈی سی ایل کی مدد سے غیر قانونی تجاوزات کو منہدم کرنے کی مہم چلائی گئی اور اس مرحلے کے دوران کئی عمارتوں کو منہدم کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں:۔ Demolition Drive: بارہمولہ کے سنگرامہ میں غیرمجاز عمارتیں منہدم، تحصیلدار کی کاروائی
انہوں نے مزید کہا کہ کوکرناگ ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیراتی ڈھانچوں کی نشاندہی پہلے ہی کی جا چکی ہے اور آئندہ دنوں میں انہیں بھی منہدم کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ڈی سی اننت ناگ نے کوکرناگ ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی تمام عمارتوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں منہدم کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی تھی۔