ایک وقت تھا جب یہاں کھیتوں میں سینچائی کے لیے پانی کی کمی تھی۔ پینے کا پانی نہیں تھا اور روزگار نہ ہونے کی وجہ سے گاؤں کے بیشتر خاندان غربت میں زندگی گزار رہے تھے۔
ایسی صورتحال کے درمیان گاؤں میں رہنے والے پوپٹ راؤ پوار نے تعلیم کے سلسلے میں گاؤں چھوڑا تھا۔ پڑھائی مکمل کرنے کے بعد وہ ایک عزم کے ساتھ واپس لوٹے اور اپنی محنت سے سہولیات کی کمی اور غریبی و بیروزگاری سے جوجھتے اس گاؤں کو خوشحال گاؤں میں تبدیل کرتے ہوئے ایشیا کا سب سے امیر گاؤں بنا دیا۔ اس گاؤں کا نام ہیورے بازار گاؤں ہے جو ریاست مہاراشٹر میں واقع ہے۔
پوپٹ راؤ پوار نے مقامی لوگوں کی مدد سے گاؤں میں پانی کی پرابلم دور کرنے کی کوشش کی۔ پورے گاؤں نے حکومت پر انحصار کیے بغیر کام شروع کیا۔ گاؤں کے آس پاس کی پہاڑیوں اور دھان کے کھیتوں میں بڑی تعداد میں درخت لگا کر ایک جنگل بنایا تھا۔
جیسے ہی گاؤں میں پانی کا مسئلہ ختم ہوا تو لوگوں کی توجہ صحت، صاف صفائی، تعلیم اور زراعتی امور کی جانب گئی۔
آج گاؤں کے 97 خاندانوں کی سالانہ آمدنی 5 لاکھ روپے سے زائد جبکہ 70 خاندانوں کی آمدنی 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔
سرینگر: ملیے میڈیٹرنین پکوان کے ماہر بشارت حسین سے
1500 کی آبادی والے ہِیورے بازار گاؤں میں شرح خواندگی 95 فیصد ہے۔ روزگار کی کمی کی وجہ سے گاؤں چھوڑنے والے 70 کنبے اب گاؤں واپس آگئے ہیں۔
اسکول کے بچے گاؤں میں پانی اور فصلوں کی نگرانی کرتے ہیں ۔اس کے لیے اسکول میں انہیں زراعت، پانی کے استعمال اور فصلوں کی منصوبہ بندی کے بارے میں پڑھایا جاتا ہے۔
ایگری سپلیمینٹ بزنس کے ذریعے گاؤں کے لوگوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے یہاں دودھ ڈیری اور چارا بھنڈار کی شروعات کی گئی ہے۔