چنئی: تمل ناڈو کے کرشنا گری ضلع میں غیرت کے نام پر قتل کے ایک مشتبہ معاملے میں ایک خسر نے اپنے نئے شادی شدہ داماد کو اس لیے قتل کر دیا کیونکہ وہ اس کی بیٹی سے محبت کرتا تھا اور کچھ دن پہلے اس سے شادی کر لی تھی۔پولیس نے بتایا کہ متوفی، سی جگن (26) بنگلورو-کرشناگری نیشنل ہائی وے کے قریب ڈیم روڈ پر اپنی دو پہیہ گاڑی پر کہیں جا رہا تھا کہ تین آدمیوں کے گروہ نے اسے مار ڈالا۔ کرشنا گری کے کٹم پٹی گاؤں کے رہنے والے سی جگن کو اواتھان پٹی گاوں میں اپنے رشتہ دار ایس سارنیا (21) سے محبت ہو گئی تھی۔ اگرچہ دونوں کا تعلق ایک ہی ذات سے تھا، پھر بھی لڑکی کے والدین کو ان کی محبت پر اعتراض تھا۔
اعتراضات کے باوجود، دونوں نے حال ہی میں شادی کی تھی، جس سے لڑکی کے والد سی شنکر (45) کو ناگوار گزرا۔ اس سے مشتعل ہو کر لڑکی کے والد شنکر اور دیگر دو افراد نے جگن کو روک کر اس پر چاقو سے حملہ کر دیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ بعد میں شنکر نے کرشنا گری ضلع میں خواتین کی ایڈیشنل کورٹ کے سامنے خود کو سپرد کر دیا۔ جس کے بعد اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Honor killing in Mathura غیرت کے نام پر قتل، پولیس نے والد کو گرفتار کیا
یو این آئی