کرناٹک: ریاست کرناٹک کے بیدر میں دسہرہ کے موقع پر دیر رات گئے ریلی کے دوران کچھ فرقہ پرستوں نے محمود گاوان مدرسہ میں واقع مسجد کے مینار کے حصے میں پوجا کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور ویڈیو بناکر وائرل کر دیا تاکہ شہر میں امن اور بھائی چارہ کے ماحول کو خراب کیا جا سکے۔ ماحول کو بگاڑنے کی بھر پور کوشش کی گئی۔ شہر کے مسلم ذمہ داران نے صبح مسجد پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے وہاں پہنچ کر جائزہ لیا۔ اس معاملے میں نو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وہیں اس معاملے کو لے کر عبدالمنان سیٹھ، سید منصور احمد قادری، ایڈووکیٹ سرفراز ہاشمی، بیرسٹر طلحہ ہاشمی، وشہر کے مسلم ذمہ داران اور رہنماؤں نے مل کر پولیس میں شکایت درج کرائی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہر میں امن کے ماحول کو خراب کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ پولیس نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ واقعہ کی تفتیش کر کے شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: Stone Throwing in Aligarh: مسجد کے قریب کھڑے لوگوں پر سنگ باری، ماحول خراب کرنے کی کوشش
ویڈیو میں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ریلی کے دوران پولیس کی گاڑی بھی نظر آرہی ہے اس کے باوجود ایسا واقعہ پیش آیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ایم ستیش، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیش میگھنوار و مسلم ذمہ داران و رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن برقرار رکھیں۔ رکن اسمبلی رحیم خان نے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈی کیشور بابو سے ملاقات کرتے ہوئے شر پسند عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔