کرناٹک حکومت نے سرکاری ملازمت میں امتحان کی ڈیوٹی کے دوران حجاب پہننے پر اصرار کرنے والے اساتذہ پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ حجاب پہننے والے اساتذہ کو سیکنڈری اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ (SSLC) کے ساتھ ساتھ پری یونیورسٹی (PU) امتحان کی ڈیوٹی پر نہیں لگایا جائے گا۔ No Exams Duty For Hijab-Wearing Teachers پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کے وزیر بی سی ناگیش نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ سرکاری ملازمین کے لیے کوئی ڈریس کوڈ نہیں ہے۔ " چونکہ طلبا کے لیے امتحانی ہال کے اندر حجاب کی اجازت نہیں ہے، اس لئے ہم اساتذہ کو مجبور نہیں کریں گے کہ وہ حجاب پہن کر ڈیوٹی انجام دیں۔ ایسے اساتذہ کو امتحان کی ڈیوٹی سے فارغ کر دیا جائے گا۔
ایس ایس ایل سی امتحانات میں 22,000 سے زیادہ طلباء غیر حاضر رہے، جو کہ پچھلے سال کے مقابلے تعداد میں ایک بہت بڑا اضافہ ہے، امتحان میں طلبہ کی غیر حاضری اس لئے بھی تھی کیونکہ ہائی کورٹ نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی عائد کر دی ہے۔ گزشتہ ہفتہ ضلع میسور میں ایس ایس ایل سی امتحان کی نگرانی پر تعینات ایک ٹیچر کو اس وقت ڈیوٹی سے فارغ کر دیا گیا جب اس نے مبینہ طور پر حجاب پہننے پر اصرار کیا، حالانکہ سرکاری ملازمین کے لیے کوئی مقررہ لباس کوڈ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:۔karnataka Hijab Row: باحجاب طالبات کو امتحان ہال میں داخلہ دینے پر 7 اساتذہ معطل
واضح رہے کہ ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے اور اس کا نعرہ ہے 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس' اور 'بیٹی پڑھاو، بیٹی بچاو' لیکن ریاست میں مسلسل ایک مخصوص طبقے کے خلاف تعصب اور امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔ ریاست کے ماحول کو مسلسل پراگندا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ریاست میں سب سے پہلے حجاب کا معاملہ اٹھایا گیا اور اس کے ذریعہ مسلم بچیوں کی تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی جس کے بعد یہ معاملہ کرناٹک ہائی کورٹ میں پہنچا جہاں کورٹ نے حجاب کے معاملہ کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ یہ اسلام کا لازمی جز نہیں ہے جس کے بعد اس معاملے کو سپریم کورٹ میں داخل کیا گیا۔