جنیوا: عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ اس نے ترکی اور شام میں آنے والے طاقتور زلزلے سے متاثر ہونے والے تقریباً چار لاکھ لوگوں کےلئے صحت کا سامان پہنچایا گیاہے۔ ڈبلیو ایچ او نے ایک بیان میں کہا کہ تباہ کن زلزلے سے ترکی اور شام شدید متاثر ہوئے ہیں، جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے امداد فراہم کرنے کے لیے دونوں ممالک کو 72 ٹن ہنگامی سرجری کا سامان فراہم کیا ہے، جس میں علاج بھی شامل ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی پہلی دو پروازوں کے ذریعے ترکی اور شام میں ایک لاکھ افراد کے لیے 72 ٹن زندگیاں بچانے والا سامان فراہم کیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ تیسری پرواز اتوار کو شام پہنچنے والی تھی جس میں مزید 30 لاکھ افراد کے لیے 37 ٹن ہنگامی صحت سے متعلق سپلائی ہے۔ ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے اطلاع دی ہے کہ 'زندہ بچ جانے والے شدید سردی اور مسلسل آفٹر شاکس کا سامنا کر رہے ہیں اور پناہ گاہ، خوراک، پانی اور طبی امداد تک ان کی رسائی بہت محدود ہے۔' ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا کہ ہم متاثرین کی جانوں کے تحفظ کے لیے وقت کے خلاف دوڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Earthquake Victims کشمیر میں ترکی، شام زلزلہ متاثرین کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام
انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی) نے بھی امدادی کارروائیوں کی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کیا کیونکہ زندہ بچ جانے والے مایوسی اور رکاوٹوں کا سامنا کررہے ہیں۔ آئی ایف آر سی کے سیکرٹری جنرل جگن چاپگن نے ٹویٹر پر کہا کہ آفت سے بچ جانے والے اکیلے نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی ترکی میں پیر کو آنے والے دو طاقتور زلزلوں میں 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 80 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ زلزلوں کا مرکز صوبہ کہرمنہارس تھا اور اس کی شدت 7.7 اور 7.6 تھی اور اس نے ترکی کے 10 صوبوں میں تقریباً 1.3 کروڑ افراد کو متاثر کیا ہے۔ ہمسایہ ملک شام میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 3300 سے تجاوز کر گئی ہے اور 5200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یو این آئی