بھوبنیشور: اڈیشہ کے صحت وخاندانی بہبود کے وزیر نب داس پر اتوار کے روز جھارسگوڈا کے برجراج نگر میں گولی چلانے والے اے ایس آئی گوپال داس کی بیوی جینتی داس نے کہا کہ ان کا شوہر ذہنی طور پر بیمار ہیں۔ ایک پرائیویٹ اڑیہ نیوز چینل کو انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر دماغی بیماری کے لیے دوا لے رہے ہیں لیکن ان کے خاندان کے افراد کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں۔ناردرن رینج کے آئی جی دیپک کمار نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعہ میں وزیر صحت کے علاوہ ایک دوسرا شخص بھی زخمی ہوا ہے۔ آئی جی دیپک کمار کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اے ایس آئی نے وزیر پر چار سے پانچ راؤنڈ فائر کئے۔ پہلی گولی وزیر کو لگی جبکہ دوسری گولی دوسرے شخص کو لگی۔ اے ایس آئی نے مزید دو راؤنڈ فائر کیے لیکن اس سے کسی کو گولی نہیں لگی۔ موقع پر موجود پولس اہلکاروں نے ملزم اے ایس آئی کو قابو کر کے اسے فورا غیر مسلح کر دیا۔
وزیر کو گولی لگنے کے بعد فوری طور پر ضلع جھارسگوڈا کے ہیڈکوارٹر اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں انہیں ایک نجی اسپتال میں علاج کے لیے بھوبنیشور لے جایا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر صحت کے علاج کے لیے سرجری، کارڈیالوجی، اینستھیسیا اور میڈیسن کے ڈاکٹروں پر مشتمل پانچ رکنی میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی۔وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک، کئی وزرا اور بیجو جنتا دل کے سینئر لیڈر وزیر صحت سے ملنے پرائیویٹ اسپتال پہنچے۔ فی الحال وزیر کا علاج چل رہا ہے اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ پٹنائک نے وزیر کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کرائم برانچ کو حملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔
یو این آئی