بنارس: گیان واپی مسجد کمپلیکس میں ویڈیو گرافی کے لیے مقرر ایڈوکیٹ کمشنر کی تبدیلی کی مانگ کے لیے دائر درخواست پر بدھ کو سماعت ہوئی۔ گیانواپی مسجد شرینگر گوری سروے کیس میں سول جج سینئر ڈیویژن نے دونوں فریقوں کو سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ سول جج سینئر ڈویژن روی کمار دیواکر نے اگلی سماعت کے لیے جمعرات 12 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ممکنہ طور پر اس معاملے میں جمعرات کو فیصلہ آسکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے 7 مئی کو سول جج سینئر ڈویژن روی کمار دیواکر کی عدالت میں ایڈوکیٹ کمشنر کو تبدیل کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ The Court will rule today on the Advocate Commissioner's request for change
سماعت کے بعد مدعی کے وکیل سبھاش نندن چترویدی نے کہا کہ عدالت میں مدعا علیہ نمبر 4 انجمن انتظاریہ مسجد کمیٹی کے وکلاء کی طرف سے دیے گئے دلائل بے سود تھے۔سبھاش نندن چترویدی نے کہا کہ 'سی پی سی میں ایسا کوئی بندوبست نہیں ہے کہ کسی بھی عدالتی کمیشن کو کارروائی مکمل کیے بغیر روک دیا جائے۔ ملزمان تاحال اپنی بات پر بضد ہیں جب کہ تمام فریقین سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ جمعرات کے لیے محفوظ کر لیا ہے۔ کمیشن ابھی تک ایک قدم بھی نہیں بڑھا۔ اب تک صرف بیرونی دیواریں دیکھی گئی ہیں تو ہم کیسے کہہ سکتے ہیں کہ کورٹ کمشنر متعصب ہے۔ یہ تب ہی کہا جا سکتا ہے جب کمیشن کی رپورٹ پیش کی جائے۔
مزید پڑھیں:۔ Gyanvapi Mosque Survey Issue: گیان واپی مسجد کمپلیکس ویڈیو گرافی کیس کی سماعت آج
ساتھ ہی انجمن انتظامیہ مسجد کے وکیل رئیس احمد نے کہا کہ دی گئی درخواست پر سماعت مکمل ہو چکی ہے۔ کل یعنی جمعرات کو عدالت اس پر حکم جاری کرے گی۔ ہم نے مدعیان کی تمام درخواستوں کے جواب داخل کر دیے ہیں۔ ایڈووکیٹ کمشنر کی تبدیلی سے متعلق سماعت بھی مکمل ہوگئی، اس پر بھی فیصلہ کل آئے گا۔