احمد آباد: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما بھوپیندر پٹیل آج وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں گجرات کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ گجرات کے وزیر اعلی کے طور پر بھوپیندر پٹیل کی یہ مسلسل دوسری میعاد ہوگی۔ پی ایم مودی اتوار کی رات دیر گئے احمد آباد پہنچ گئے ہیں۔ پٹیل کو گورنر آچاریہ دیوورت دوپہر 2 بجے گاندھی نگر میں نئے سکریٹریٹ کے قریب ہیلی پیڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں ریاست کے 18ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف دلائیں گے۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ پٹیل کے ساتھ کچھ نئے وزراء کے بھی حلف لینے کا امکان ہے۔Gujarat NEW Chief Minister and NEW ministers will take oath on December 12
مزید پڑھیں:۔ Bhupendra Patel Submits Resignation بھوپیندر پٹیل نے گورنر کو استعفیٰ سونپا
حال ہی میں ختم ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 182 میں سے 156 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی یہ مسلسل ساتویں جیت ہے۔ کانگریس نے 17 سیٹیں جیتی ہیں اور عآپ نے پانچ سیٹیں جیتی ہیں۔ بھوپیندر پٹیل (60) نے جمعہ کو اپنی پوری کابینہ سمیت ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار کرنے کے لیے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ہفتہ کو انہیں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا رہنما منتخب کیا گیا۔ انہوں نے گورنر سے ملاقات کی اور اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ پٹیل نے گھاٹلوڈیا سیٹ پر اپنے حریف کو 1.92 لاکھ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ گزشتہ سال ستمبر میں وجے روپانی کے استعفیٰ کے بعد پٹیل کو ریاست کی کمان ملی تھی۔ دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی میں وزارتی امیدواروں کے انتخاب کے لیے کافی غور و فکر کیا جارہا ہے۔ پارٹی کو ذات پات اور علاقائی نمائندگی کو متوازن کرنے کی کسوٹی پر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے کنو دیسائی، راگھو جی پٹیل، ہرشیکیش پٹیل، ہرش سنگھوی، شنکر چودھری، پورنیش مودی، منیشا وکیل اور رمن پاٹکر ایسے رہنما ہیں جنہیں کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔