پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان Punjab Chief Minister Bhagwant Mann نے پنجابی یونیورسٹی کو قرض کے بھاری بوجھ سے آزاد کرانے کی گارنٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی بھارت کی اس باوقار یونیورسٹی کی قابل فخر اور اصلی شان کو بحال کیا جائے گا۔ بھوگنت مان نے گزشتہ روز یہاں گرو تیغ بہادر ہال میں پنجابی فلم اینڈ ٹی وی ایکٹرس ایسوسی ایشن اور یونیورسٹی کے زیر اہتمام پنجابی سنیما، ٹیلی ویژن اور تھیٹر کے تین روزہ میگا شو کے آخری دن کی تقریبات کی صدارت کرتے ہوئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ کی کمی کی وجہ سے کسی بھی طالب علم کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 'ہماری حکومت کی اولین ترجیح طلبا کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا ہے۔ ریاست کو ’رنگلا پنجاب‘ بنانے کے لیے نوجوانوں سے مکمل حمایت اور تعاون کا مطالبہ کرتے ہوئے مان نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہمیشہ عظیم گروؤں، پیروں-پیغمبروں اور شہید اعظم بھگت سنگھ جیسے بہادر ہیرو سے تحریک لیں گے۔' عام آدمی پارٹی کی حکومت انتقامی جذبے سے کام نہیں لے گی، کسی کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔ مان نے اساتذہ کے زیر التوا مسائل کے بارے میں کہا کہ یہ بہت جلد حل ہو جائیں گے اور اب کسی بھی استاد کو اپنے مطالبات کی تکمیل کے لیے پانی کی ٹنکیوں پر نہیں چڑھنا پڑے گا۔ دہلی کی طرز پر پنجاب کے اسکول کالج اساتذہ سے تعلیم کے علاوہ کوئی اور کام نہیں لیا جائے گا۔
یو این آئی