کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر آگئی ہے یا آنے والی ہے اور یہ دعویٰ کئی ریٹنگ ایجنسیاں بھی کرچکی ہیں لیکن حکومت اسے روکنے کے لیے ضروری قدم اٹھانے میں کامیاب نہیں ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کووڈ ویکسن تیار ہوچکی ہے لیکن ٹیکہ کاری کا عمل انتہائی دھیمی رفتار سے ہو رہا ہے۔ یہی نہیں آر ٹی پی سی آر کی ٹیسٹنگ میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔ حکومت کورونا کو روکنے میں کامیاب نہیں ہورہی ہے۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ 'کورونا کی ٹیکہ کاری کے لیے قومی پالیسی بنائی جانی چاہئے۔ ملک میں کورونا کے معاملے تیزی سے اور مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ دہلی میں گزشتہ روز کورونا کے 823 معاملات سامنے آئے۔ اسی طرح سے پنجاب میں 2370 معاملے سامنے آئے ہیں لیکن ستمبر میں جب کورونا عروج پر تھا تو پنجاب میں ایک دن میں 800 معاملے ہر روز آرہے تھے۔