وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز کے تحت کام کرنے والی نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے کام کو لمکا بک آف ریکارڈ میں جگہ مل جائے گی۔ این ایچ اے آئی نے 25.54 کلومیٹر طویل سنگل لین کو پکا کرنے کا کام صرف 18 گھنٹوں میں مکمل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اس کے لئے تمام 500 ملازمین اور ٹھیکیداروں سمیت این ایچ اے آئی کی تعریف کی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اتھارٹی نے حال ہی میں سولہ پور۔ وجاپور ہائی وے پر 4 لیننگ کام کے تحت 18 گھنٹوں میں 25.54 کلومیٹر سنگل لین کی حد بندی کا کام مکمل کرلیا ہے، جسے 'لمکا بک آف ریکارڈز' میں درج کیا جائے گا۔ گڈکری نے کہا کہ ٹھیکیدار کمپنی کے 500 ملازمین نے اس کے لئے سخت محنت کی ہے۔ میں ان ملازمین کے ساتھ پروجیکٹ ڈائریکٹر، افسران، ٹھیکیدار کمپنی کے نمائندوں اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے پروجیکٹ حکام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
نتن گڈکری نے بتایا کہ فی الحال سولہ پور ویجاپور ہائی وے کے 110 کلو میٹر کا کام جاری ہے، جو اکتوبر 2021 تک مکمل ہوجائے گا۔ گڈکری نے جمعہ کے روز اتراکھنڈ کے لئے دہلی-دہراڈون کے نئے اقتصادی کاریڈور کا اعلان کیا۔ 210 کلومیٹر طویل لمبائی کے اس 6 لین منصوبے کی کل لاگت 12،300 کروڑ ہے۔ اس منصوبے کو اگست 2021 ء میں اسے شروع کیا جائے گا اور 2023 تک یہ کام مکمل ہوگا۔