بھوپال: مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں موسم بہار کی آمد آمد ہے۔ پالپور کونو کے پی سی سی ایف اتم شرما کے مطابق نمیبیا سے آنے والی مادہ چیتا سیایا نے چار بچوں کو جنم دیا ہے۔ سیایا کی عمر تین سال ہے۔ مادہ سیایا کو نر چیتوں کے ساتھ چھوڑا گیا تھا۔ شرما کے مطابق عام طور پر چیتا کی نسل کے حمل کی مدت 95 دن ہوتی ہے۔ اس تناظر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ سیایا یہاں حاملہ ہوئی اور بچوں کو جنم دیا۔
واضح رہے کہ چیتا پراجیکٹ کے تحت اس کی تیاری بہت پہلے ہی شروع ہو چکی تھی۔ جو مادہ چیتا لائی گئیں وہ افزائش نسل کے قابل تھیں۔ یہاں تین مادہ چیتا ہیں، خاص طور پر آشا، سوا اور سیایا۔ انہیں نر چیتے کے ساتھ چھوڑا گیا تھا تاکہ بھارت میں چیتوں کی تعداد کو بڑھایا جا سکے اور ان کے قبیلے میں اضافہ ہو۔
بتا دیں کہ بھارت میں 75 سال بعد نمیبیا سے چیتوں کو 17 ستمبر 2022 کو بھارت لایا گیا تھا۔ پالپور کونو میں پی ایم مودی نے ان چیتوں کو چھوڑا تھا۔ ابتدائی طور پر 5 مادہ اور تین نر چیتے نمیبیا سے لائے گئے تھے۔ ابتدائی چند دنوں تک نر اور مادہ چیتوں کو الگ الگ انکلوژر میں رکھا گیا۔ اس کے بعد 18 فروری کو جنوبی افریقہ سے 12 چیتے لائے گئے۔ ان میں پانچ مادہ اور سات نر تھے۔