نئی دہلی: وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا چیلنج غذائی تحفظ ہونے والا ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے تمام ممالک کو مشترکہ طورپرکام کرنا ہوگا۔ڈاکٹر جے شنکر نےمنگل دیرشام سری نگر میں واقع شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹکنالوجی کی طرف سے بین الاقوامی طلباء کے داخلے کے افتتاح کے موقع پر قومی دارالحکومت میں منعقدہ بین الاقوامی تعلیمی میلے کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔وزیر خارجہ نے کہا، ’’اگر مجھے موجودہ وقت کے کسی بڑے مسئلے کا انتخاب کرنا ہو تو ان میں غذائی تحفظ کا مسئلہ اہم ہے۔
یوکرین کی جنگ نے اس مسئلے کو مزید گھمبیر بناکرہمارے سامنے کھڑاکردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی پہل پر اقوام متحدہ نے 2023 کو موٹے اناج کا بین الاقوامی سال منانے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ بہت اہم ہے۔ اس کے نتائج نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ہیں۔ اس سال جی-20 چوٹی کانفرنس سے بھی ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ غذائی تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ تمام ممالک مشترکہ کوششیں کریں۔ کیونکہ صدیوں سے ہم موٹے اناج پیدا کر رہے ہیں۔ اس کے لیے ایک نئی کوشش کی ضرورت ہے۔
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز کے چیئرمین ونے سہسر بدھے نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔بین الاقوامی تعلیمی میلے کی پہل کے لیے یونیورسٹی کی تعریف کرتے ہوئے، ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ تین سال قبل جموں و کشمیر میں تبدیلی کا عمل شروع ہوا تھا، جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ترقی اور پیشرفت کے مکمل ثمرات جو بقیہ ہندوستان نے کئی برسوں سے حاصل کیاتھا، وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے اب مکمل طورپر دستیاب ہے، بالخصوص نوجوانوں کے لیے۔ اس تناظر میں جموں و کشمیر کے لوگوں کا قومی دھارے میں شامل ہونا بہت ضروری تھا۔ ایسا کرنے سے وہ باقی ہندوستان اور بین الاقوامی مین اسٹریم سے جڑ جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: President Murmu in Cuttack چاول غذائی تحفظ کی اہم بنیاد، مرمو
یو این آئی