جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کھریو علاقہ میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان مسلح تصادم میں دو عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے ٹویٹر پر انکاؤنٹر کی تصدیق کی اور لکھا کہ 'اونتی پورہ کے پانپور علاقے کے کھریو میں انکاؤنٹر شروع ہوا ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کارروائی میں مصروف ہیں۔ فی الحال دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔'
مارے گئے عسکریت پسندوں میں سے ایک کی شناخت مصیب مشتاق کے طور پر ہوئی۔ وہ لرگام (پستونہ) میں جاوید آحمد ملک کے قتل میں ملوث تھا۔ مصیب جنوبی کشمیر میں شہری ہلاکتوں کا ذمہ دار حزب المضاہدین کا ایک ہٹ اسکواڈ تھا۔ دوسرے عسکریت پسند کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کو کھریو علاقہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی پختہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ جوں ہی فورسز مخصوص جگہ کی طرف بڑھنے لگے وہاں موجود عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی، جو تصادم میں تبدیل ہوا جس کے نتیجہ میں دو عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انکاؤنٹر کے مقام سے گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ شام جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے صراف کدل میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے پولیس اور سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر گرینیڈ حملہ کیا جس میں دو پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے۔
ادھر جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے دیوسر علاقہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے جموں و کشمیر اپنی پارٹی سے منسلک ایک شخص غلام حسن کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: نامعلوم بندوق برداروں نے 'اپنی پارٹی' کے لیڈر کو گولی ماردی