نیو یارک: وزیر خارجہ (EAM) ایس جے شنکر نے جمعرات کو اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس سے ملاقات کی اور سوڈان میں جاری بحران، بھارت کی G20 کی صدارت اور یوکرین تنازع جیسے حساس امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری بہت اچھی میٹنگ رہی۔ میٹنگ میں سوڈان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ ہم نے جی 20 اور یوکرین کے تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایس جے شنکر نے کہا کہ اقوام متحدہ سوڈان میں جاری بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے اور یہ واقعی اہم ہے کیونکہ جب تک جنگ بندی نہیں ہوتی، اس وقت تک کوئی راستہ نہیں نکلے گا اور وہاں پھنسے لوگوں کو نکالنا کافی مشکل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اپنا کام کر رہا ہے۔ سوڈان میں جنگ بندی کے لئے وہ پُر عزم ہیں۔ اس معاملہ میں ہم بھی سنجیدگی سے غور و فکر کر رہے ہیں کیونکہ وہاں بہت سے سارے بھارتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات پر بھی توجہ دی جارہی ہے کہ سفارتی سرگرمیوں کے ذریعہ ہم اپنے مطلوبہ نتائج تک کیسے پہنچ سکتے ہیں؟سوڈان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ہمیں اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ سوڈان میں جاری بحران پر قابو پانے اور وہاں پھنسے بھارتیوں کی سلامتی کے لئے کیسے اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے،اور ہمیں اس کے لئے کیسی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم سوڈان میں مقیم بھارتیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،انہیں مشورہ دے رہی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان کوششوں سے بہت جلد مثبت نتیجہ نکلے گا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ نے ٹویٹ بھی کیا۔ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آج سہ پہر نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل @antonioguterres سے مل کر اچھا لگا۔ سوڈان، G20 پریذیڈنسی اور یوکرین میں موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔" جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ جے شنکر نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصبوں سے سوڈان کی صورتحال پر بات کی ہے۔ جے شنکر نے اپنے مصری ہم منصب سے بھی بات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصبوں سے بات کی ہے۔ انہوں نے آج اپنے مصری ہم منصب سے بات کی ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں ہمارے سفیر اور لندن میں ہمارا ہائی کمیشن متعلقہ میزبان ممالک سے رابطے میں ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں جو وہاں (سوڈان) موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: Bhopal Youth Stuck in Sudan سوڈان میں پھنسا بھوپال کا نوجوان، والد کی وزیراعلیٰ اور وزیر اعظم سے مدد کی اپیل
دریں اثنا، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جمعرات کو سوڈان میں عید الفطر کے موقع پر کم از کم تین دن کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی پُر تشدد مقامات میں پھنسے لوگوں کو طبی سرگرمیوں کے لئے معا ون ثابت ہوگی۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گوٹیریس نے کہا کہ ترجیحی بنیاد پر میں عید الفطر کے موقع پر کم از کم تین دن کے لیے جنگ بندی کی اپیل کرتا ہوں، تاکہ تنازعات والے علاقوں میں پھنسے شہریوں کو وہاں سے نکلنے اور علاج کرانے کی اجازت دی جا سکے۔ (اے این آئی)