سری گنگا نگر: بھارت پاکستان بین الاقوامی سرحد پر پاکستان مذموم حرکتیں کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔ ریاست راجستھان کے ضلع سری گنگا نگر کے سریکرن پور سرحد پر آج ڈرون اور ہیروئن کے پیکٹ برآمد ہوئے۔ اس کے بعد بی ایس ایف کی جانب سے تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔ بارڈر سے ملنے والی ہیروئن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ایک ڈرون بھی برآمد ہوا ہے۔ دو ہفتے قبل بھی سرحد پر نقل و حرکت ہوئی تھی جس پر بی ایس ایف نے ڈرون کو گولی مار کر گرا دیا تھا۔
بی ایس ایف سے موصولہ اطلاع کے مطابق آج سرحدی ضلع سری گنگا نگر میں سریکرن پور کے نزدیک ہند پاک سرحد پر گاؤں رادے والا کے قریب ایک کھیت سے ہیروئن کے پانچ پیکٹ برآمد ہوئے ہیں۔ ان پانچوں پیکٹوں میں موجود ہیروئن کا وزن تقریباً پانچ کلو بتایا جاتا ہے جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت بھی کروڑوں روپے ہے۔ ہیروئن کے ساتھ بی ایس ایف نے جائے وقوعہ سے ایک ڈرون بھی برآمد کیا ہے۔ ہیروئن ملنے کے بعد بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد کے قریب تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Pakistani Drone Spotted In Amritsar بی ایس ایف نے پاکستانی ڈرون کی دراندازی کو ناکام بنا دیا
آپ کو بتاتے چلیں کہ پاکستان سے ڈرون کے ذریعے بھارتی سرحد میں ہیروئن سمگل کرنے کی مسلسل کوششیں ہوتی رہتی ہیں۔ دو ہفتے قبل بھی پاکستان کی طرف سے سریکرن پور بارڈر پر ڈرون کی نقل و حرکت ہوئی تھی جس پر بی ایس ایف کے جوانوں نے فائرنگ کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد بی ایس ایف نے تلاشی مہم میں ہیروئن کے پیکٹ اور ڈرون کا ملبہ برآمد کیا تھا۔ یہ ڈرون امریکہ نے تیار کیا تھا۔ برآمد شدہ ڈرون کو آج تفتیش کے لیے بھیجا جائے گا۔ ہیروئن کی ترسیل کے لیے آنے والے اسمگلروں کی نقل و حرکت کا پتہ لگانے کے لیے بی ایس ایف اس علاقے میں مسلسل تلاشی مہم چلا رہی ہے۔ دوسری جانب گاؤں والوں سے بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص کی نقل و حرکت کی صورت میں فوری طور پر بی ایس ایف کو اطلاع دیں۔