جموں و کشمیر: روشنیوں کا تہوار دیوالی پورے جموں کشمیر میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس دوران وادی کشمیر میں مقیم پنڈتوں، سکھوں، غیر ریاستی ہندو شہریوں اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے پٹاخے سر کئے اور آتش بازیوں کا بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ اس موقع پر مندروں میں پوجا پاٹ کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔ Diwali Celebration Across JK
اننت ناگ کے مٹن میں دیوالی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
دیوالی کے موقع پر ضلع اننت ناگ کے مٹن میں ایک مرتبہ پھر مذہبی بھائی چارے کی روایات کو دہراتے ہوئے مسلمانوں نے ہندﺅوں کے گھر جاکر انہیں مبارکباد دی اور مٹھائیاں و تحائف تقسیم کئے۔ ہندو عقیدے کے مطابق دیوالی کا تہوار ہندﺅوں کے اوتار 'رام چندرجی' کی 'بنواس' سے 14سال بعد گھر (ایودھیا) واپسی کے طور پر منایا جاتا ہے۔
دیوالی کے موقع پر وادی میں رہنے والے ہندو برادری سے وابستہ لوگوں میں انتہائی جوش و خروش نظر آیا۔ حسب روایات یہ تہوار مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں اتوار کی شب سے ہی مٹن میں قائم مندر میں پوجاپاٹ اور بجن کیرتن کی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران کشمیری پنڈتوں نے پورے مندر کو دیپوں سے روشن کیا۔
غیر ریاستی مزدوروں نے کام کے دوران دیوالی منائی
وہیں ضلع اننت ناگ کے لازی بل علاقہ میں غیر ریاستی مزدوروں نے کام کے دوران دیوالی منائی۔ مزدوروں نے ایک دوسرے میں لڈو و مٹھائیاں بانٹ کر دیوالی کی خوشیاں منائی۔ دراصل یہ مزدور عمارت کی تعمیر کا کام کر رہے، جس دوران مکان مالک نے انہیں دیوالی کی مبارکباد پیش کی اور انہیں لڈو اور بریانی تقسیم کئیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے غیر ریاستی مزدوروں نے کہا کہ وہ یہاں گزشتہ کئی برسوں سے کام کر رہے ہیں، جس دوران انہیں مقامی لوگوں کا بھر پور تعاون مل رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں کا سلوک دیکھ کر وہ کافی متاثر ہوئے ہیں، دیوالی اور دیگر بڑے تہواروں پر یہاں کے مقامی لوگ ان کے ساتھ بلا لحاظ و مذہب ملت شریک ہوتے ہیں، جس سے انہیں یہ محسوس نہیں ہوتا ہے کہ وہ اپنے بال بچوں یا اہل و عیال سے دور ہیں۔ غیر ریاستی ہندو مزدوروں نے کہا کہ غربت کے سبب وہ تہوار کے روز چھٹی نہیں کر سکتے البتہ کام کے دوران بھی وہ تہوار کی خوشیاں مناتے ہیں۔ جس میں انہیں مقامی لوگ اپنا تعاون فراہم کرتے ہیں۔
گاندربل میں مقامی لوگوں کے ساتھ فوج کی دیوالی تقریبات
بھارتی فوج کی روایت کے تسلسل میں اور وادی میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے فوج کی 34 آسام رائفلز ووسن بٹالین نے مقامی لوگوں کے ساتھ 'دیوالی جشن' کا اہتمام کیا۔ دیوالی کی تقریبات کا آغاز بھگوان رام کی خصوصی آرتی کے ساتھ ہوا۔ موم بتیاں اور دیے روشن کیے گئے۔
جشن میں تمام برادریوں کے مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ مقامی لوگوں نے تقریبات کے انعقاد کے لیے ہندوستانی فوج کی ستائش کی۔ غور طلب ہے کہ ضلع گاندربل میں ہر سال کی طرح اس سال بھی دیوالی کا تہوار بڑے ہی جوش اور جزبے کے ساتھ منایا گیا۔
ڈوڈا میں دیوالی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی
دو سال کی کووڈ پابندیوں کے بعد ڈوڈا کے لوگوں نے دیوالی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی۔ دیوالی کے موقع پر بھگوان رام کی خصوصی آرتی اتاری گئی۔ موم بتیاں اور دیے روشن کیے گئے۔ غور طلب ہے کہ ضلع ڈوڈہ میں کووڈ پابندیوں کے بعد اس سال دیوالی کا تہوار بڑے ہی جوش اور جزبے کے ساتھ منایا گیا۔
دیوالی کے موقع پر رنگولی مقابلے کا انعقاد
ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور افتادہ اور سرحدی علاقے ساوجیہ میں ماڈل ہائر سیکنڈری سکول کے پنسیپل انور خان کی ہدایت پر تہواروں کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے رنگولی مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔
تہواروں کی اہمیت۔رنگولی مقابلے میں طالبات نے حصہ لیا اور اسکول کے اپنے اپنے کلاس رومز کے فرش پر چاک، پھولوں کی پتیاں، چاول، نمک، ہلدی وغیرہ سے اپنی سمجھ کے مطابق رنگولی بنا کر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: Diwali Celebration ملک بھر میں دیوالی کا تہوار جوش و خروش سے منایا جا رہا