گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں رام نومی اور رمضان کو لے کر پولیس متحرک ہے۔ ڈی ایس پی اور تھانہ سطح پر ہر روز امن کمیٹی کی میٹنگ مختلف مقامات پر ہورہی ہیں۔ ایس ایس پی آشیش کمار بھارتی نے اس کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی ہے جو ضلع کے سبھی حساس مقامات پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
ایس ایس پی آشیش بھارتی نے آج پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے ماتحت علاقوں کے معزز حضرات سے رابطہ کریں، ان سے ان کے علاقے کا ماحول سمجھیں اور جہاں کوئی کمی نظر آئے اس کے تعلق فوری طور پر انہیں آگاہ کریں تاکہ رام نومی سے قبل ضروری کاروائی کی جاسکے۔ رام نومی کمیٹی کے ذمہ داروں سے بات کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی سطح سے کسی طرح کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے گانے نہ بجائے جائیں اور نہ ہی کوئی ایسا کام کیا جائے گا جس سے آپسی جھگڑا ہو۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے طبقے سے بھی اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی طرح کا واقعہ پیش آئے تو اس پر خود ری ایکشن دینے کے بجائے پولیس کو اطلاع دیں۔ یقینی طور پر پولیس معاملے کو سنجیدگی سے لیکر ضروری کاروائی کرے گی۔ اگر کوئی بھی شخص ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کرے گا تو اسکے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔ خواہ وہ شخص کتنا بڑا یا اثر رسوخ والا کیوں نہ ہو، امن وقانون کی صورتحال ہرحال میں برقرار رکھیں۔ اس کی ذمہ داری سبھی کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ تہوار آپسی بھائی چارہ محبت اور خوشی کا پیغام دیتا ہے، اس میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ افواہیں پھیلانے والوں پر بھی خاص نگاہ رکھی جارہی ہے۔ خاص طور پر سوشل میڈیا کے توسط سے افواہ پھیلانے والوں کو روکنے کیلئے ایک ٹیم کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ایسے لوگوں پر مختلف دفعات کے تحت کاروائی ہوگی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ آج اسی حوالے سے فتح پور تھانہ حلقہ میں ڈی ایس پی اجے کمار سنگھ کی قیادت میں امن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، جس میں ڈی ایس پی کے ذریعے سبھی لوگوں سے رمضان اور رام نومی پرامن ماحول میں منانے کی اپیل کی گئی ہے۔ ساتھ ہی علاقے کے عوامی نمائندے اور سماجی نمائندوں کی ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، انہیں رام نومی جلوس کے دوران مستعد اور متحرک رہ کر امن وقانون کی بالادستی میں انتظامیہ کے کام کاج میں تعاون کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ضلع گیا کے کئی مقامات پر گزشتہ برس رام نومی کے جلوس کے دوران معمولی جھڑپیں ہوئیں تھی جسکی وجہ سے اس مرتبہ پولیس پہلے سے مستعد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Peace Committee Meeting: میرٹھ ضلع انتظامیہ نے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا