جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے منگل کو سخت گیر علیٰحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کے بعد حالات کو پیشہ ورانہ طریقے سے سنبھالنے پر پولیس، مرکزی مسلح فوجی دستوں (سی آے پی ایف) اور فوج کی تعریف کی۔
گیلانی طویل علالت کے بعد گذشتہ بدھ کی رات حیدرپورہ میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ ان کو قریبی مسجد کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ 'ڈی جی پی نے پولیس، سی اے پی ایف اور فوج کی پیشہ ورانہ خدمات کی تعریف کی ہے۔ فورسز نے گذشتہ پانچ دنوں میں زمینی صورتحال کو انتہائی پیشہ ورانہ طریقے سے سنبھالا ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے خصوصی تحمل، مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں کا ذمہ دارانہ طرز عمل تعریف کے قابل ہے۔'
سنگھ نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر امن کو مضبوط کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امن کو مضبوط بنانے، امن کے دشمنوں کی شناخت اور شرارتی عناصر کا خاتمہ کرنے اور قانون کے تحت ان کے ساتھ سختی سے نمٹنے کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
ڈی جی پی نے کہا کہ وادی میں انٹرنیٹ پر پابندی سمیت بیشتر پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'کشمیر اور جموں دونوں علاقوں میں صورتحال مکمل طور پر نارمل ہے لیکن سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے۔'