اوڑی: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سرحدی علاقے اوڑی میں ناملا کے سل پتھر علاقے کی سڑک خستہ حالی کا شکار ہے۔ محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے چھ سال قبل اس علاقے کی سڑک کا کام شدومد سے شروع کیا تھا لیکن آج تک سڑک کا کام مکمل نہ ہو سکا۔ چھ سال پہلے ادھورہ چھوڑا گیا یہ سڑک خستہ حال ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ Dilapidated Roads in Uri
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ 'ہم نے اس سڑک کے لیے اپنی زمینیں دی تھی۔ جس کا معاوضہ بھی ہمیں ابھی تک نہیں ملا اور نہ ہی سڑک مکمل کی گئی۔ چھ سال قبل سڑک پر کام شروع کیا گیا تھا جو ادھورا ہی چھوڑ دیا گیا۔ لوگوں نے بتایا کہ یہ ایک دور دراز اور پہاڑی علاقہ ہے۔ یہاں برفباری کی وجہ سے راستے بند ہو جاتے ہیں اور اگر کوئی بیمار ہو جائے تو اسے کاندھے پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے۔ اسکولی بچوں کو اسکول جاتے ہوئے بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس سلسلے میں بہت بار متعلقہ محکمے کے چکر بھی کاٹے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ لوگوں نے گورنر اور انتظامیہ سے یہ گزارش کی ہے کہ جلد از جلد اس سڑک کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سڑک پر ابھی تک 70 فیصد کام باقی ہے۔ ہم انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ سڑک پر جلدی کام شروع کیا جائے۔ واضح رہے کہ اس سلسلے میں متعلقہ محکمے کے عہدے داروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔