سابق وزیر و نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما خالد نجیب سہروردی نے صوبائی نائب صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی بار ڈوڈہ واپسی پر پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کیا۔
اس موقع پر انہوں کہا کہ دفعہ 370 و 35 اے کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر ( جموں و کشمیر) کا ہر شہری سماجی، معاشی، اقتصادی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔ بی جے پی حکومت امن قائم برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ نیشنل کانفرنس اپنی کھوئی ہوئی شناخت کی واپسی تک جمہوری عمل کے تحت اپنا جد و جہد جاری رکھے گی۔
اس دوران پارٹی کارکنوں نے خالد نجیب سہروردی کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر نئے نامزد کئے گئے انچارج ضلع صدر ظفراللہ راتھر کی بھی تاج پوشی کی گئی۔
صوبائی نائب صدر نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندو مسلم اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنائیں اور زمینی سطح پر یکجہتی کے ساتھ کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی ایک ایسی جماعت ہے جو جموں و کشمیر کو درپیش چیلنجز سے نجات دلا سکتی ہے اور اس جماعت نے ہر مشکل دور میں اپنے سیکولر نظریہ کو برقرار رکھتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی و آپسی بھائی چارے کو مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی، لسانی و علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے والے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مرکزی حکومت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کو دبا کر، سات آٹھ لاکھ فوج رکھ کر آپ چاہتے ہیں کہ امن ہو تو ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جو کسی کی حق تلفی کر کے مشکلات و پریشانیاں پیدا کرتے ہیں وہ خود بھی اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپنی عزت، وقار، شناخت و ریاستی درجے کی بحالی کے لیے نیشنل کانفرنس کی طرف سے شروع کی گئی جدوجہد کا حصہ بننے کی اپیل کی۔
انہوں نے پارٹی کے سرپرست و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ڈوڈہ و کشتواڑ اضلاع کے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے پارٹی کارکنوں سے دن و رات محنت کرنے کی اپیل کی۔
مزید پڑھیں:۔ نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے والے دیگر جماعتوں کے کارکنان کے استقبال میں ریلی
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہروردی نے کشمیری طلبہ پر حالیہ دنوں میں ہوئی کارروائی کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ظلم و بربریت کا مظاہرہ کررہی ہے جس کا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑے گا۔
اس موقع پر ضلع یوتھ صدر نوید ہاشمی نے دیگر کارکنوں کے ہمراہ صوبائی صدر خالد نجیب سہروردی و انچارج ضلع صدر ظفراللہ راتھر کو گل پوشی کرکے استقبال کیا۔
ظفراللہ راتھر نے پارٹی سرپرست ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، علی محمد ساگر، رتن لال گپتا و خالد نجیب سہروردی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھانے کی پوری کوشش کروں گا۔