ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں اقلیتی آبادی والے احمد نگر علاقے میں نگر نگم کی جانب سے کوڑا گھر بنائے جانے کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کرکے کوڑا گھر کی جگہ پارک بنائے جانے کا مطالبہ کیا تاکہ یہاں کی عوام کو گندگی سے نجات مل سکے۔
علاقے میں وزیراعظم نریندر مودی کی 'سوچھ بھارت مشن' کے نعرے کی خلاف ورزی صاف طور پر نظر آتی ہے جو ضلع کے افسران اور سیاسی لیڈران سے پوشیدہ نہیں ہے۔
احمد نگر میں آبادی کی درمیان بلدیہ کی جانب سے برسوں سے کوڑا ڈالا جا رہا ہے جس کے خلاف مقامی لوگ آواز بھی اٹھاتے رہے ہیں۔ مقامی کارپوریٹر کے علاوہ یہاں کے عوام بھی اعلیٰ افسران سے اس کی متعدد بار شکایت کر چکے ہیں لیکن اس کوڑا گھر سے نجات نہیں ملی۔
خاص بات یہ ہے کہ کوڑا گھر کے برابر میں بچوں کا سرکاری اسکول اور اس کے سامنے بچیوں کا مدرسہ بھی موجود ہے۔ پھر بھی افسران آنکھیں بند رکھے ہیں۔ ایسے حالات میں اب علاقے کے کارپوریٹر کے ساتھ مل کر مقامی لوگوں نے خود سے ہی اس کوڑا گھر کو ختم کرنے کی پہل کر دی ہے حالانکہ کارپوریٹر کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس کوڑا گھر کی جگہ پارک بنانے کا کام شروع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:۔ میرٹھ۔: پسماندہ علاقوں میں صفائی مہم کی شروعات
مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ جب تک ان کے علاقے کو گندگی سے نجات نہیں مل جاتی تب تک ان کا احتجاج جاری رہے گا، اب ایسے میں ضلع انتظامیہ کو دیکھنا ہوگا کہ آخر عوام کی پریشانی کا کس طرح حل کیا جاتا ہے تاکہ عوام کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔