دہلی کے پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے سدرشن واہنی کے صدر ونود شرما کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔ جن پر جنتر منتر پر ایک خاص مذہب کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگانے کا الزام ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج انل انتل نے کہا کہ اگرچہ ملزم نے اشتعال انگیز تقریر نہیں کی، لیکن اس نے جنتر منتر میں اس پروگرام کو منعقد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ پروگرام کے بینر پر ونود شرما کی تصویر اور موبائل نمبر کی طباعت کی گئی تھی اور لوگوں سے احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی گئی تھی۔ اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے ملزم پر نافذ نہیں ہوتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم اس احتجاج کا حصہ تھا نہ کہ احتجاج دیکھنے والا تماشائی۔
سماعت کے دوران ونود شرما کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل رجت انیجا نے کہا کہ ملزم نے اشتعال انگیز الفاظ کا استعمال نہیں کیا تھا، جو دو برادریوں کی درمیان کشیدگی یا دشمنی پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو غلط طریقے سے پھنسیایا گیا ہے۔
دہلی پولیس نے ضمانت کی عرضی کی مخالفت کی ہے۔ دہلی پولیس کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل ایس کے کین نے کہا کہ ویڈیو میں صاف ظاہر ہورہا ہے کہ ملزمین نے سازش کے تحت اشتعال انگیز بیان اور نعرے لگائے۔
اس دوران ہنومان چالیسا بھی پڑھا گیا تاکہ لوگوں کی توجہ اشتعال انگیز تقریر سے ہٹائی جاسکے۔ جنتر منتر میں پروگرام کو منعقد کرنے کا مقصد ہی دشمنی اور کشیدگی پیدا کرنا تھا۔ یہاں تک کہ ملزم نے اپنے نام اور تصویر کا بینر لگایا اور اس میں لوگوں کو شامل کیا۔
مزید پڑھیں:کڑکارڈوما عدالت میں گلفشاں فاطمہ کی ضمانت درخواست پر سماعت آج
اس معاملے میں ٹرائل کورٹ نے گزشتہ 11 اگست کو وکیل اشونی اپادھیائے کو ضمانت دے دی تھی۔ دہلی پولیس نے 9 اگست کو اشونی اپادھیائے اور باقی ملزمین کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد 10 اگست کو تمام ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
واضح رہےکہ 8 اگست کو جنتر منتر پر بھارت جوڑو تحریک کے بعد ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک خاص مذہب کے خلاف قابل اعتراض نعرے لگائے گئے۔