رامبن: جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں بچہ مزدوری کے خاتمے کے بارے میں طلبہ کو بیدار کرنے کے لیے محکمہ تعلیم رامبن، سماجی بہبود اور لیبر ڈپارٹمنٹ رامبن کے اشتراک سے گورنمنٹ ہائی اسکول چندر کوٹ میں مشترکہ طور پر یک روزہ بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں ڈپٹی کمشنر رامبن مسرت الاسلام نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رامبن مسرت الاسلام نے بچہ مزدوری کے مختلف پہلوؤں اور بچوں کو استحصال سے بچانے کے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے سامعین پر زور دیا کہ وہ معصوم بچوں کے استحصال کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کریں۔ awareness program on child labour held at ramban
انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ اپنی مجموعی شخصیت کی نشوونما کے لیے غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور ساتھ ہی تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے طلبہ کو حکومت کے مختلف فلاحی اور فلیگ شپ پروگرام کے بارے میں بھی بتایا۔ ڈی سی نے منشیات کے استعمال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ نشا مکت جموں و کشمیر ابھیان کے پروگرام کا پیغام ضلع کے گھر گھر تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
ڈی سی نے محکمہ سماجی بہبود کے افسران رامبن کو ہدایت دی کہ وہ قصبہ رامبن خاص طور پر ڈھابوں، ہوٹلوں اور دیگر مقامات کا بار بار دورہ کریں تاکہ لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو موجودہ لیبر قوانین کے تحت کیس درج کیا جائے۔