ریاست تریپورہ میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کے معاملے میں اجمیر درگاہ کمیٹی کے نائب صدر سید بابر اشرف نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کو ازخود نوٹس لے کر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کرنا چاہئے، اگر ملک کی عدلیہ سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا تو ملک کا مستقبل تاریکیوں میں چلا جائے گا۔
مزید پڑھیں:۔ تریپورہ تشدد سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ: کلیم الحفیظ
انہوں نے مزید کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے اوپر یو اے پی اے جیسے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنا لائق مذمت اور افسوس ناک ہے۔ آئین کے تحت جو اختیارات ہمیں ملے ہیں ان اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے تشدد کو روکا جائے، اس کے خلاف مظاہرے ہوں، جانچ ہو اور ملزمین کے خلاف سنگین دفعات میں مقدمہ درج کیا جائے، یہ ملک کے لیے اچھے اشارے نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ از خود نوٹس لے کر عوام کے اعتماد کو بحال کرے اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا حکم جاری کرے۔