ملک بھر میں کووڈ 19 کی دوسری لہر میں بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے 15 مئی 2021 تک ہفتہ اور اتوار کو اپنے دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔
اے ایم یو رجسٹرار عبدالحامد (آئی پی ایس) کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کام کے دنوں میں دفتر میں ملازمین کی حاضری پچیس فیصد کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ وزارت تعلیم، وزارت داخلہ، حکومت ہند اور اترپردیش حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں لیا گیا ہے۔
اے ایم یو کی تمام سلیکشن کمیٹیز اور میٹنگس کو مئی تک یا مزید احکامات تک منسوخ کر دیا گیا ہے۔
طبی خدمات، صفائی، بجلی، پانی، رہائشی ہال خدمات، مرکزی آٹوموبائل ورکشاپ، محکمہ ٹیلی فون پراکٹر دفتر اور کمپیوٹر سینٹر جیسی ضروری خدمات سے وابستہ تمام ملازمین متعلقہ محکموں اور دفتر کے سربراہ کی ہدایت کے مطابق کام کریں گے۔
نوٹس میں تمام افسران سے اپیل کی گئی ہے ‘اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کووڈ سے متعلق پروٹوکول کی سختی سے پیروی کریں جس میں ماسک پہننا، سوشل ڈسٹنسنگ رکھنا، سینیٹائزر کا استعمال اور صابن اور پانی سے بار بار ہاتھ دھونا شامل ہے’۔
اس کے ساتھ ہی یونیورسٹی کی جانب سے 45 سال سے زائد عمر کے ملازمین کو کووڈ کے خلاف ٹیکہ لگانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔