'بھارت وکاس پریشد' (Bharat Vikas Parishad) کے بانی ڈاکٹر سورج پرکاش کی صد سالہ سالگرہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (RSS) کے صدر موہن بھاگوت نے کہا کہ مادی ترقی کا کوئی جواز نہیں ہے، سماج کی ترقی پر ہی ملک کی ترقی منحصر ہے اور یہی حقیقی معنوں میں ترقی ہے۔
اپنے خطاب میں موہن بھاگوت (Mohan Bhagwat) نے کہا کہ روشن خیال اور خوشحال طبقے کے ذریعے سماج کی ہمہ جہت ترقی ہی بھارت کی ترقی ہے۔ 'بھارت وکاس پریشد' (Bharat Vikas Parishad) کے تعلق سے موہن بھاگوت نے بتایا کہ سماجی خدمت کے شعبے میں یہ ایک معروف تنظیم ہے، جوسماج کے خوشحال طبقے کو سماج کے کاموں کے لئے ترغیب دے کر، خدمت کے ذریعے ضرورت مند لوگوں کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے اور سماج کی ترقی کی ذمہ داری کو پورا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت وکاس پریشد 1963 میں قائم ہوئی تھی۔ پریشد کی ملک بھر میں 1500 سے زائد شاخیں اور کونسل کے 75 ہزار سے زائد ممبران ہیں جو کئی سارے منصوبوں تحت سماجی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
اس تقریب میں کورونا وبا (Covid-19) کے دوران اپنی جان کی فکر کیے بغیر لوگوں کی خدمت کرنے والے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور ہیلتھ ورکروں کو اعزاز سے نوازا گیا۔
مزید پڑھیں: سی اے اے اور این آر سی کا ہندو مسلم تقسیم سے کوئی تعلق نہیں: موہن بھاگوت
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (RSS) کے صدر نے اس تقریب میں بھارت وکاس پریشد کی کتاب 'کافی ٹیبل' اور سنگھ کے سابق جنرل سکریٹری بھیا جی جوشی کی جانب سے کی گئی خصوصی تقریروں پر مشتمل کتاب کا بھی اجرا کیا۔
یو این آئی