امیت شاہ نے منگل کے روز یہاں سرکاری زبان سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے 36 ویں اجلاس کی صدارت کی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا اورسرکاری زبان کی پارلیمانی کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین بھرتریہری مہتاب بھی اجلاس میں موجود تھے۔
مسٹر امیت شاہ نے اس موقع پر کہا کہ "میں نہیں جانتا کہ ملک مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پورا کرنے میں کامیاب رہا ہے یا نہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ہماری رفتار تھوڑی سست ہو لیکن میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہمارا راستہ درست سمت میں ہے اور مقصد کی طرف بڑھ رہا ہے اور ہم یقینی طور پر منزل تک پہنچیں گے"۔
یہ بھی پڑھیں:'جموں و کشمیر پر براہ راست حملہ کیا جا رہا ہے'
انہوں نے کہا کہ "ملک کی جنگ آزادی میں ہماری مقامی زبانوں اور خاص طور پر سرکاری زبان ہندی کا سب سے بڑا کردار ہے۔ جمہوریت کی اقدار یہاں نئی نہیں ہیں، ہمارے یہاں دنیا کی پہلی جمہوریت تھی اور ہم زبان کے بغیر اس تہذیب و ثقافت کو محفوظ نہیں رکھ سکتے۔ تحریک آزادی کے دوران، ہمارے لیڈروں کی طرف سے زبانوں کو اہمیت دی گئی اور اس بات سے آگاہی دکھائی کہ یہاں انگریزی زبان کا غلبہ نہیں ہونا چاہیے، یہی وجہ ہے کہ آج ہماری زبانیں مستحکم ہیں۔ مقامی زبانیں بھی زندہ ہیں اور دن بہ دن سرکاری زبان ہندی بھی مستحکم ہوئی ہے"