نئی دہلی: کرناٹک اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت کے بعد کانگریس کے کارکنان جوش میں ہیں، مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں، ڈھول بجا رہے ہیں، کارکن رقص کر رہے ہیں اور یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں زبردست جشن منایا جا رہا ہے۔ کانگریس ہیڈکوارٹر کے اندر بڑی تعداد میں کارکن موجود ہیں اور باہر سڑک پر بھی کارکنوں کی بڑی تعداد نعرے لگا کر جشن منا رہے ہیں۔ کئی کارکن بجرنگ بلی کے روپ میں ہیڈ کوارٹر پہنچ چکے ہیں۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے اس بجرنگ بلی کے نام پر کرناٹک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جسے کرناٹک کے عوام نے سمجھا اور بی جے پی کو مسترد کردیا ہے۔
پارٹی لیڈر کماری سیلجا نے جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ 'پہلے ہماچل کے لوگوں نے اور اب کرناٹک کے لوگوں نے کانگریس پر اعتماد کیا ہے۔ ان دونوں ریاستوں میں لوگوں نے بھگوان کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کو مسترد کر دیا ہے۔پارٹی لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہاکہ 'وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے لیے ان کا برہمشستر بھی ناکام ہو گیا ہے۔ انہوں نے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور کرناٹک کے لوگوں نے انہیں مناسب جواب دیا ہے۔
میڈیا شعبہ کے انچارج جے رام رمیش نے کرناٹک انتخابات کے نتائج کو کانگریس کی جیت پر وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی شکست قرار دیا ہے۔ کانگریس تھاٹ ڈپارٹمنٹ کے جے شکلا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کرناٹک اسمبلی میں پارٹی کی جیت کو جدوجہد اور ترقی کی جیت قرار دیا ہے۔ کانگریس نے کرناٹک میں اپنی جیت کو ان کی محنت کا نتیجہ بتانے کے لیے پارٹی لیڈر راہل گاندھی پر ایک ویڈیو بنایا ہے، جس میں انہیں 'مسلسل لیڈر' بتایا گیا ہے۔ پارٹی نے یہ 50 سیکنڈ کا ویڈیو اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا۔ اس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے کلپس ہیں جو مسٹر گاندھی کے بھارت جوڑو کے دورے کے دوران ان کے ساتھ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: Karnataka Election 2023 کرناٹک میں وزیر اعلی کون بنے گا؟ کانگریس میں ریس شروع
یو این آئی