دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کا ایک مسلم وفد ائمہ و موذنین کی تنخواہ کے معاملے پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے ملاقات کرنے کی غرض سے رہائش گاہ پر پہنچا لیکن گیٹ پر ہی ان کا میمورنڈم لے لیا گیا اور اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ وفد میں دہلی پردیش کانگریس کے نائب صدر علی مہدی، ضلع صدر مرزا جاوید اور کانگریس ضلع صدر و کونسلر چودھری زبیر احمد اور اوکھلا کانگریس کے سرگرم کارکن انجینئر ہدایت اللہ جینٹل شامل تھے۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کے دوران وفد کی ٹیم کا حصہ رہے شاہین باغ حلقہ کے سرگرم رکن انجینئر ہدایت اللہ جینٹل نے کہا کہ ائمہ و موذنین کی تنخواہ کی ادائیگی اور ان کی تنخواہ میں اضافہ کے لیے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے ملنے اور انہیں میمورنڈم دینے کے لیے گئے تھے لیکن جب ان کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچے تو کانگریس کے وفد کو اندر بلانے کے بجائے گیٹ پر ہی میمورنڈم لے لیا گیا اور اندر جانے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال تکبر میں مبتلا ہیں، اس واضح ہوتا ہے کہ وہ دہلی کی عوام کی قدر نہیں کرتے۔
مزید پڑھیں:۔ دہلی: وقف مساجد کے ائمہ و موذنین 6 ماہ سے تنخواہوں کے منتظر
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی دہلی حکومت سے مطالبہ کرتی ہےکہ ائمہ و موذنین کی 10 ماہ کی بقایہ تنخواہ فوراً ریلیز کرے ،ساتھ ہی اس مہنگائی کے دور میں ائمہ کی تنخواہ 45 ہزار اور موذنین کی تنخواہ 30 ہزار اور سکیورٹی گارڈ کی تنخواہ 17 ہزار کرے، اگر ائمہ و موذنین کا استحصال جاری رہا تو آنے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کا دہلی سے صفایا ہوجائے گا۔
ہدایت اللہ جینٹل نے وقف بورڈ کے چیئرمین پر الزام لگایا کہ وہ وقف بورڈ کے پیسے سے چھ سکیورٹی گارڈ کے ساتھ 30لاکھ کی لیگزری گاڑی پر گھوم رہے ہیں لیکن ائمہ و موذنین کی تنخواہ نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وقف بورڈ میں عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خاں نے اپنے رشتہ داروں کو بھرلیا ہے اس لیے کوئی آواز اٹھانے کو تیار نہیں ہے۔
ہدایت اللہ نے کہا کہ وقف بورڈ کی دہلی میں اتنی جائیداد ہے کہ اگر اس کا پیسے صحیح سے استعمال کیا جائے تو ائمہ و موذنین کی تنخواہ دینے کے بعد بھی پیسے اتنا بچ جائے گا کہ اس سے قوم کا بڑا فلاحی کام ہو سکتا ہے لیکن وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خاں نہ جانے وقف بورڈ کے پیسے کو کہاں خرچ کررہے ہیں جس کا کوئی حساب نہیں ہے۔
کانگریس کے سرگرم کارکن ہدایت اللہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی مقبولیت لوگوں میں بڑھ رہی ہے اور آنے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے جھوٹے وعدے کو دیکھتے ہوئے عوام نے کانگریس کو ووٹ دینے کا ذہن بنالیا ہے۔