کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے ملک کی صورتحال بے حد سنگین ہو گئی ہے اور حکومت کے لیے اس نمٹنا مشکل ہو رہا ہے لہٰذا حالات پر قابو پانے کے لیے فوراً کل جماعتی میٹنگ بلائی جانی چاہیے۔
سونیا گاندھی نے جمعہ کے روز یہاں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کی ہولناک شکل کے مقابلے سسٹم (نظام) پوری طرح لاغر ہوچکا ہے اور حکومت اس سے نمٹنے میں کامیاب نہیں پو پا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر وبا سے نمٹنے کے لیے کل جماعتی میٹنگ بلانی چاہیے اور کورونا سے کیسے نجات ملے اس بارے میں سب کی رائے لی جانی چاہیے کیونکہ وبا سے اب جو صورتحال پیدا ہو گئی ہے، اس سے اجتماعی طور پر ہی نمٹا جا سکتا ہے۔
کانگریس کی عبوری صدر نے کہا کہ اس وبا کا مقابلہ اجتماعی طور پر ہی کیا جا سکتا ہے لہٰذا ٹھوس طریقہ کار اختیار کرنے کے لیے اور اجتماعی طور پر قدم اٹھانے کے لیے پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ بھی بلائی جانی چاہیے۔
گاندھی نے کہا کہ کورونا کے سلسلے میں جو حالات پیدا ہوائے ہیں، اس سلسلے میں پارلیمنٹ کی وزارت صحت سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی نے پہلے ہی وارننگ دے دی تھی لیکن حکومت نے کمیٹی کے انتباہ کو نظر انداز کیا جس کے سبب یہ بحران پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہرین نے بھی حکومت کو وبا سے لڑنے کے لیے آکسیجن، دوائیں اور وینٹیلیٹر کی حسب ضرورت سپلائی جاری رکھنے کی رائے دی تھی۔
کانگریس کی عبوری صدر نے کہا کہ حکومت نے کورونا ٹیکہ کاری کے سلسلے میں بھی کوئی حکمت عملی نہیں تیار کی ہے۔ پارلیمنٹ نے مرکزی بجٹ میں شہریوں کی مفت ٹیکہ کاری کے لیے 35 ہزار کروڑ روپیے کا التزام کیا ہے لیکن حکومت اب بھی ریاستوں پر کورونا سے متعلق بوجھ کو ڈال رہی ہے اور اسے کم کرنے کے لیے کوئی تدبیر نہیں کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کی طرف سے مرکزی حکومت کو وبا سے نمٹنے کے لیے جو بھی مشورے دیے جا رہے ہیں، حکومت انھیں سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے۔