نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں پارٹی کا کوئی چہرہ نہیں ہوگا اورالیکشن کا نتیجہ آنے کے بعد ایم ایل ایز اور ہائی کمان کی رضامندی سے نئے وزیر اعلیٰ کا تقررکیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد بدھ کو صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے آج کہا کہ پہلے وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کرنے سے دھڑے بندی کی سیاست بڑھ جاتی ہے اور لوگ آپس میں لڑتے ہیں، جس سے پارٹی کو نقصان ہوتا ہے، اس لیے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں پہلے کسی کو بھی وزیر اعلیٰ کا چہرہ نہیں بنایا گیا ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس جیت رہی ہے، اسی لیے بی جے پی نے وہاں اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ بی جے پی کے بڑے بڑے لیڈر وہاں موجود ہیں اور کانگریس کو گھیرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ریاست کے عوام نے بی جے پی کو مسترد کر دیا ہے اور وہاں کانگریس کی حکومت بن رہی ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کتنی سیٹیں حاصل کرے گی اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، لیکن کانگریس لیڈر راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر اہم لیڈر اسمبلی انتخابات کے دوران وہاں مہم چلائیں گے اور کانگریس کے لیے لوگوں سے ووٹ مانگیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Karnataka Assembly Election 2023 کرناٹک میں دس مئی کو ووٹنگ، تیرہ کو گنتی
یواین آئی