ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں عوامی شکایات کے فوری تصفیہ کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے آج ایک چوپال کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں پہنچ کر اے ڈی ایم جے پی گپتا کے سامنے اپنی شکایات رکھیں۔
ریاستی احکامات پر عمل کرتے ہوئے ضلع میں عوامی شکایات اور مسائل کے تصفیہ کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے چوپال کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس چوپال کی ایک خاص بات یہ ہے کہ شکایت کنندہ کے ساتھ ہی متعلقہ افسران بھی ضلع انتظامیہ کی عدالت میں شامل ہوتے ہیں، اس لئے عوام کی کوئی بھی شکایت متعلقہ محکمہ سے متعلق ہوتی ہے تو فوری طور پر ان افسران سے باز پرس کرکے مسئلہ کو حل کیا جاتا ہے۔ ایسی ہی ایک چوپال کا انعقاد ضلع کے باجوڑی ٹولہ علاقے میں کیا گیا، جہاں اے ڈی ایم جے پی گپتا نے شرکت کرکے عوام کی شکایات کو سنا۔
عوام نے بجلی کے بڑھتے بلوں اور بجلی افسران کی جانب سے چیکنگ کے لئے بغیر اطلاع کئے سیڑھیاں لگاکر گھروں میں داخل ہونے سے متعلق شکایت درج رائیں۔
مزید پڑھیں:۔ بجلی کے شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کرنے کا ہدف
اس دوران ایک شکایت کنندہ فیضی خان نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو بجلی محکمہ کے لوگ کافی پریشان کر رہے ہیں اور یہاں چوپال میں بھی ان کی شکایت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا ہے۔
بجلی کے علاوہ یہاں سرکاری راشن سے متعلق بھی کافی شکایات درج کرائی گئیں، بہرحال ان تمام شکایات پر اے ڈی ایم جگدمبا پرساد گپتا نے کہا کہ جلد ہی ان کا تصفیہ کیا جائے گا۔ وہیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تین شکایات کا موقع پر ہی تصفیہ کر دیا گیا ہے۔