کانگریس کے سینیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا ہے کہ مرکزی تفتیشی بیورو CBI کی ٹیم نے منگل کی صبح ان کی دہلی اور چنئی کی رہائش گاہوں پر چھاپہ مارا لیکن وہاں کچھ نہیں ملا۔ چھاپے کی تفصیلات بتاتے ہوئے چدمبرم نے ٹویٹ کیا کہ آج صبح سی بی آئی کی ٹیم نے چنئی اور دہلی میں میری سرکاری رہائش گاہوں کی تلاشی لی۔ ٹیم نے مجھے ایک ایف آئی آر کی کاپی دکھائی جس میں میرا نام بطور ملزم نہیں ہے۔ سرچ ٹیم کو نہ تو کچھ ملا اور نہ ہی ضبط کیا۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ چھاپے کا یہ وقت دلچسپ ہے۔ کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم نے ٹویٹ کیا کہ میں یہ گنتی بھول گیا ہوں کہ یہ کتنی بار ہوا ہے۔ یہ ایک ریکارڈ ہوگا۔'
دریں اثنا کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ پی چدمبرم ایک قوم پرست اور محب وطن ہیں اور ملک کے تئیں ان کی وابستگی کسی بھی شک و شبہ سے پرے ہے۔ سی بی آئی نے جس طرح سے سابق وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ کے خلاف اسپانسرڈ اور بیہودہ الزامات لگائے ہیں، اس سے سیاسی سطح میں گراوٹ ظاہر ہوتی ہے۔
یو این آئی