چھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل نے ایک ہفتہ کے اندر دوسری بار آج پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی سے ان کی تغلق لین میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بھوپیش بگھیل نے پارٹی کے سابق صدر سے ملاقات سے پہلے نامہ نگاروں سے کہا کہ 'وہ پارٹی اعلی کمان کی دعوت پر ملاقات کے لئے آئے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپالن نے انہیں بتایا کہ 'راہل گاندھی ان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں اس لئے وہ چھتیس گڑھ سے سیدھے ان سے ملاقات کے لئے دہلی آئے۔۔
راہل گاندھی سے بھوپیش بگھیل کی ملاقات کے دوران پارٹی کے چھتیس گڑھ کے انچارج پی ایل پونیا بھی موجود تھے۔ پی ایل پونیا تین دن پہلے ہوئی میٹنگ میں بھی موجود تھے جب راہل گاندھی نے ریاست کے وزیر صحت ٹی ایس سنگھ دیو اور بھوپیش بگھیل سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔
اس درمیان چھتیس گڑھ کے کئی اراکین اسمبلی بھی یہا ں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پہنچے ہیں۔ ان میں بیشتر اراکین اسمبلی بگھیل کے حامی بتائے جارہے ہیں۔ ان اراکین اسمبلی میں سے کئی کا کہنا ہے کہ اعلی کمان جو ہدایت دیں گی وہ اسی کے مطابق کام کریں گے۔
مزید پڑھیں: اجمیر: فقیر کی پٹائی معاملہ میں ملزمین کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ
حالانکہ بھوپیش بگھیل کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ حمایت کے لئے مطلوبہ تعداد سے زیادہ اراکین اسمبلی ہے اور ان کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ سنگھ دیو نے کا کہنا ہے کہ ڈھائی برس قبل جب بھوپیش بگھیل کو وزیراعلی بنایا گیا تھا تو طے ہوا تھا کہ وہ ڈھائی سال بعد عہدہ چھوڑ دیں گے اور سنگھ دیو وزیراعلی بنیں گے لیکن بھوپیش بگھیل کا کہنا ہے کہ یہ حالت تب ہوتی ہے جب مخلوط حکومت ہو اور وہ مکمل اکثریت والی حکومت چلا رہے ہیں۔
یو این آئی