ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، کرناٹک اور کیرالا سمیت متعدد ریاستوں میں برڈ فلو کے کیسز پائے جانے کے بعد مرکز نے ان ریاستوں کو اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جانے کی ہدایات دی ہیں۔
وزارت جنگلات و ماحولیات نے اس سلسلے میں ایڈوائزی جاری کی جس کے مطابق ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، کیرالہ اور دیگر ریاستوں میں برڈ فلو کے کیسز کی اطلاع ملی ہے اور اس وجہ سے کئی ریاستوں میں بڑے پیمانہ پر پرندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
حکومت نے پرندوں کی صحت کی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ جب بھی برڈ فلو کے کیسز ملیں تو فوری کارروائی کی جاسکے۔ کچھ ریاستوں میں برڈ فلو کے پھیلاؤ کے تناظر میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا گیا ہے۔
کرناٹک میں افسران نے برڈ فلو وبا کی رپورٹ کے بعد الرٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر صحت کے سُدھاکر نے کہا کہ ہمسایہ ریاستوں میں پرندوں میں وائرس کی رپورٹ ملی ہے۔
انہوں نے کہا 'میں نے سرحدی اضلاع میں صحت افسران کو مستعد رہنے کے لیے کہا گیا ہے'۔
اس کے علاوہ کیرالا حکومت نے برڈ فلو کو اسٹیٹ اسپیسیفک ڈیزاسٹر قرار دیا ہے اور ہمسایہ ریاستوں کو وبا کے سلسلے میں مستعد کردیا گیا ہے۔
کیرالا : بطخیوں و مرغیوں کو ہلاک کرنےکا عمل شروع
کیرالا کے مویشی پروری ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم دلیپ نے کہا کہ 'برڈ فلو کو اسٹیٹ اسپیسیفک ڈیزاسٹر کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے اس کی وجہ سے الپُّجھا اور کوٹّایم اضلاع میں ہزاروں بطخ مارے گئے۔
کیرالا میں برڈ فلو کی رپورٹس کے بعد ہمسایہ ریاست تمل ناڈو نے کیرالا سے بطخ اور مرغیوں سمیت گھریلو پرندوں کے گوشت اور انڈوں کی درآمد پر پابندی لگا دی ہے اور سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ہماچل پردیش میں برڈ فلو کی دستک سے کانگڑہ ضلع کے پونگ باندھ کے آس پاس برڈ فلو سے مہاجر پرندوں کی موت کے اعداد و شمار دو ہزار سے تجاوز کر گئے ہیں۔ بھوپال کے مویشی امراض کے ادارے کی رپورٹ میں وائرس کی تصدیق کے بعد جنگلاتی جانور کے برانچ کے افسر مستعد ہو گئے ہیں۔
محکمہ جنگلات نے پنجاب، ہریانہ، راجستھان، جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور دہلی سمیت کئی ریاستوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ریاستوں کے مہاجر پرندوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔
ہماچل میں پایا گیا برڈ فلو عام فلو نہیں ہے، یہ پرندوں سے انسان میں بھی پھیل سکتا ہے۔ پی سی سی ایف جنگلاتی جانور برانچ کی چیف ارچنا شرما نے اس کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ برڈ فلو عام نہیں ہے لیکن اس کی علامت سردی، زکام، کھانسی اور بخار ہے۔