اتوار کو رام پور تھانے سول لائن میں اتراکھنڈ اور اترپردیش کے سابق گورنر عزیز قریشی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ یوگی حکومت پر قابل اعتراض اور غیر مہذب بیان دینے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر آکاش کمار سکسینا عرف ہنی نے تھانہ سول لائن میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
اس معاملے کے مرکزی شکایت کنندہ بی جے پی لیڈر آکاش کمار سکسینا نے کہا کہ ''اترپردیش کے سابق گورنر عزیز قریشی رام پور آئے تھے۔ نہ جانے کیوں اعظم خان کے گھر کافی دیر بیٹھے رہے۔ وہاں سے آنے کے بعد انہوں نے اتر پردیش حکومت پر غیر مہذبانہ تبصرے کیے۔ اس سے لگتا ہے کہ عزیز قریشی اتر پردیش کو طالبان بنانا چاہتے ہیں۔ لیکن ایسی کسی سازش کو مکمل نہیں ہونے دیا جائے گا۔'' متعلقہ دفعات 153 ، 153-B ، 124-A ، 505 (1) (b) میں کیس درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
اعظم خاں پر کارروائی سیاسی انتقام کا نتیجہ ہے: عزیزقریشی
اس معاملے میں رامپور کے ایڈیشنل ایس پی سنسار سنگھ نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ سابق گورنز عزیز قریشی کے خلاف رامپور کے تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عزیز قریشی گزشتہ روز رامپور میں رکن پارلیمان اعظم خاں کی رہائش گاہ پر آئے تھے، جہاں انہوں نے ممبر اسمبلی ڈاکٹر تزئین فاطمہ سے ملاقات کی تھی۔
عزیز قریشی نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر نشانہ سادھتے ہوئے یوگی حکومت کا موازنہ شیطان اور خون پینے والے درندے سے کیا تھا۔ عزیز قریشی نے اعظم خاں پر کارروائی کو انسان اور شیطان کی لڑائی بھی قرار دیا تھا۔