اترپردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل کابینہ میں ممکنہ طور پر آخری توسیع میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے کابینہ میں علاقہ اور ذاتی مساوات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سات نئے وزراء کو اپنی وزارت میں جگہ دی ہے۔ راج بھون میں گاندھی آڈیٹوریم میں گورنرآنندی بین پٹیل نے نئے وزرا کو حلف دلایا۔
نئے وزراء میں جتن پرساد (برہمن) کو کابینہ میں جگہ دی گئی ہے جبکہ سنگیتا بلونت سنگھ (او بی سی)، دھرم ویر پرجا پتی(او بی سی)، پلٹو رام (ایس سی)، چھترپال گنگوار (اوبی سی)، دنیش کھٹک (دلت) اور سنجے گوڑ (ایس سی) کو مملکتی وزیر کے طور پر یوگی کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جتن پرساد مغربی اترپردیش کے شاہجہاں پور سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ دھرم ویر پرجا پتی آگرہ، چھترپال گنگوار بریلی، دنیش کھٹک میرتھ سے ہیں۔
مشرقی اترپردیش سے آنے والے وزراء میں پلٹو رام بلرامپور، سنگیتا بلونت بند غازی پور اور سنجے گوڑ سونبھدر سے آتے ہیں۔
حلف برداری تقریب میں یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ ان کے کابینہ کے کئی دیگر وزراء بھی موجود تھے۔ یوگی کی کابینہ میں ابھی 53 وزراء ہیں جبکہ سات نئے وزراء کے شامل ہونے سے کابینہ کے لئے طے شدہ کوٹہ 60 کا پورا ہوگیا ہے۔
مزید پڑھیں:
پنجاب: 15 وزرا کی حلف برداری، ایک مسلم چہرہ بھی شامل
یوپی میں اسمبلی انتخابات کے لئے ابھی 6 مہینوں سے بھی کم کا وقت بچا ہے۔ نئے وزراء کو کام کرنے کے لیے صرف چھ مہینے ملیں گے، کیونکہ تین مہینے پہلے ہی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے ان کے لئے کرنے کو کچھ نہیں ہوگا۔
یواین آئی