امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ترک شہر ادانہ میں واقع امریکی فوجی اڈے انجیرلیک میں کہا کہ امریکہ زلزلے کے نقصانات سے نمٹنے میں ترکیہ اور اس کی عوام کے ساتھ ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ زلزلے کی خبر سنتے ہی امریکہ اور دیگر ممالک حرکت میں آ گئے۔ ایک ہی دن میں ہم نے دو سو افراد، کتوں اور دیگر ماہرین پر مشتمل امدادی ٹیم اور پانی، خوراک، ادویات اور ملبوسات پر مشتمل پچاسی ملین ڈالر کی مدد ترکیہ پہنچائی۔ یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ امریکہ نے مستحق افراد کی مدد کے لیے سو ملین ڈالر مزید دینے کا اعلان کیا ہے جو کہ ہمیں امریکی امور خارجہ کے مہوجرین فنڈ اور امریکی عالمی ترقیاتی ایجنسی سے ملے تھے۔
بلنکن نے بتایا کہ یو ایس ایڈ زلزلے سے متعلق امدادی کاروائیوں کو تیز رفتاری اور تن دہی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہم ترکیہ کے ساتھ تعاون کے لیے پر عزم ہیں۔ دنیا کے بیشتر ممالک بھی اسی روش پر قائم ہیں، جس میں کامیابی کے لیے بہترین یک جہتی کا مظاہر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی زلزلہ متاثرین کے لیے ایک ارب ڈالر کی انسانی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ اب تک امریکہ نے ایک سو پچاسی ملین ڈالر کی مدد دی ہے البتہ ہم اس میں اضافے کے لیے مزید امکانات پر غور کریں گے۔ بلنکن نے مزید کہا کہ زلزلہ زدگان کی مدد کےلیے امریکہ ہر ممکنہ تعاون کرے گا۔ ترک عوام سے اتنا کہوں گا کہ وہ اس بات سے واقف رہیں کہ امریکہ ان کے ساتھ ہے اور رہے گا۔
یو این آئی