کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پارلیمنٹ کو کھوکھلا کرنا چاہتی ہے اور ملک کی پارلیمنٹ میں ہر اہم مسئلہ سے بھاگنا چاہتی ہے، اسی لئے اس نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کو مقررہ وقت سے چار روز پہلے ملتوی کر دیا ہے۔Congress Slams BJP Over Monsoon Season
کانگریس کے لیڈران جے رام رمیش اور گورو گوگوئی نے منگل کے روز کہا کہ پارلیمنٹ کو قبل از وقت ملتوی کرنے سے بی جے پی اس بات پر پوری طرح سے بے نقاب ہوگئی کہ وہ پارلیمنٹ کے اندر عوام کے مسائل سے بھاگنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت پارلیمنٹ کو کھوکھلا کردینا چاہتی ہے۔ کانگریس عوام کے لیے لڑتی رہی ہے اور لڑتی رہے گی۔ مہنگائی کے مسئلہ پر سڑک پر اترنے والی کانگریس نے کالے کپڑے پہن کر حکومت کی آنکھیں کھولنے کا کام کیا ہے۔
کانگریس لیڈران نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں اہم مسائل پر بحث سے بھاگنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے ایک دن پہلے 17 جولائی کو ہونے والی آل پارٹی میٹنگ کے دوران حکومت کی طرف سے کہا گیا تھا کہ اس مانسون اجلاس میں 32 بل پیش کیے جائیں گے یا پاس کیے جائیں گے، لیکن حقیقت میں لوک سبھا میں اس سیشن میں صرف سات بل پاس ہوئے ہیں جبکہ راجیہ سبھا میں صرف پانچ بل پاس ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ، "بی جے پی ہم پر الزام لگاتی ہے کہ کانگریس کی وجہ سے کوئی بحث نہیں ہوئی، لیکن وہ خود ہی بحث سے بھاگ گئے۔ کل راجیہ سبھا میں سنٹرل یونیورسٹی بل پیش ہونا تھا، یعنی وزیر تعلیم کو آنا چاہیے تھا، لیکن وزیر تعلیم بھی وزیر اعظم کی طرح غائب ہو گئے"۔
کانگریس لیڈروں نے کہا کہ اپوزیشن 10 اگست اور 12 اگست کو بحث کے لئے تیار تھی لیکن حکومت کی طرف سے کوئی دلچسپی نظر نہیں آئی۔ اس سیشن میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ملک سے جڑے اہم مسائل کو اٹھانے کی بہت کوشش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Congress to launch Bharat Jodo Yatra: کانگریس کی 'بھارت جوڑو یاترا' سات ستمبر سے
یو این آئی