پانچ ریاستوں مغربی بنگال، تمل ناڈو، کیرالا، آسام اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی ان ریاستوں میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں جہاں سیاسی پارٹیاں ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے ہرہتھکنڈے اپنارہی ہیں۔
مغربی بنگال میں جہاں الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے وہیں، آزاد و منصفانہ انتخابات کے نام پر سیاسی گہما گہمی بھی عروج پر ہے۔'
اس ضمن میں آج ترنمول کانگریس کا ایک وفد الیکشن کمیشن پہنچا اور آزاد و منصافہ انتخابات منعقد کرانے کی اپیل کی ہے۔
اسی طرح بی جے پی کا بھی ایک وفد الیکشن کمیشن پہنچا۔ انہوں نے بھی آزاد و منصفانہ انتخابات منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ مزید ممتا بنرجی کے بیان پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ان سے بیان کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا۔
بی جے پی کے وفد میں مرکزی وزیر مختار عباس نقوی، بھوپندر یادو، دیب شری چودھری، انیل بلوونی اور اوم پاٹھک شامل تھے۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بھوپندر یادو نے کہا کہ ممتا بنرجی بی جے پی رہنماؤں پر جھوٹے الزامات عائد کررہی ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کے اشارے پر کام کرنے کا الزام عائد کر کے الیکشن کمیشن کی توہین کی ہے۔
یادو نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرنے اور جھوٹ بولنے پر ممتا سے وضاحت طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔