بنگلور: کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کو حتمی شکل دینے کے لیے طے شدہ میٹنگ سے ایک دن قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا نے ہفتے کے روز ریاست میں پارٹی کے اہم رہنماؤں سے ممکنہ ناموں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی اور بی ایس یدیورپا شامل تھے۔
بی جے پی کا پارلیمانی بورڈ اتوار کو میٹنگ کرے گا تاکہ 224 رکنی کرناٹک اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جا سکے۔ ریاست میں 10 مئی کو اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ بحث شروع ہونے سے پہلے وزیر اعلیٰ بومئی نے کہا کہ ہم تمام ممکنہ امیدواروں کے بارے میں بات کریں گے۔ ہمارے پاس ضلع اور سیٹ کے حساب سے تفصیلات اور حالیہ سروے کے نتائج ہیں۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم قومی رہنماؤں سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔
بی جے پی جنوبی ریاست میں اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پارٹی نے دوبارہ حکومت بنانے کے لیے ریاست میں 224 میں سے کم از کم 150 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پوری فہرست ایک ہی بار میں جاری کی جائے گی، بومئی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ چند ناموں کو چھوڑ کر باقی فہرست کا اعلان بورڈ کی منظوری کے بعد کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کی شام 5 بجے ہونے والے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دی جائے گی۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان اور ریاست میں اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی کے انچارج منسکھ منڈاویہ کے ساتھ ساتھ پارٹی کے سینیئر لیڈر ارون سنگھ نے نڈا کی رہائش گاہ پر میٹنگ میں شرکت کی۔
بومئی اور کرناٹک کے سابق چیف منسٹر یدی یورپا کے علاوہ بی جے پی کے قومی سکریٹری سی ٹی روی اور ریاستی بی جے پی صدر نلین کمار کٹیل بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس اور جے ڈی (ایس) نے انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی ابتدائی فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کی حتمی فہرست کا انتظار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Karnataka Elections رام چندر گوہا نے سول سوسائٹی فورم کے پیپلز مینیفسٹو کا اجراء کیا
کرناٹک کی چھوٹی پارٹیوں جیسے کرناٹک راشٹرا سمیتی، عام آدمی پارٹی (اے اے پی)، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے بھی اپنی پہلی اور دوسری فہرستیں جاری کی ہیں۔ کانگریس نے کل 224 سیٹوں میں سے 166 کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے، جب کہ جے ڈی (ایس) نے 93 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔